1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعلیٰ امریکی جنرل کا شمالی شام کا خفیہ دورہ

عابد حسین
25 فروری 2017

امریکا کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ نے شام کے شمالی علاقے کا خفیہ دورہ کیا ہے اور کرد باغی لیڈروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان باغی لیڈروں کا تعلق شام میں سرگرم باغی گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے ہے۔

https://p.dw.com/p/2YF1K
US-General Joseph Votel
امریکا کی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹلتصویر: picture alliance/ZUMA Press/Y. Bogu

امریکا کی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے انتہائی خفیہ انداز میں شمالی شام کا ایک اور دورہ کیا ہے۔ جمعہ چوبیس فروری کو جنرل ووٹل نے شمالی شام کے کرد علاقے میں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کے مرکزی نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس دورے کی تصدیق سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے کر دی ہے۔ اِس مسلح عسکری گروپ میں کرد جنگجُوؤں کے علاوہ مقامی عرب فائٹرز بھی شامل ہیں۔

شمالی شام کے اِس باغی گروپ کے ترجمان طلال سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل کے ساتھ شام کی مجموعی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی ایف کی عسکری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیلو نے بتایا کہ امریکی جنرل نے مستقبل میں بھاری ہتھیار فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے امریکی جنرل کے دورے کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔  جنرل ووٹل ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے اعلیٰ فوجی افسر ہیں جنہوں نے شمالی شام کا دورہ کرتے ہوئے مقامی باغی رہنماؤں سے ملاقات کر کے تبادلہٴ خیال کیا ہے۔

Syrien Rebellen der Syrischen Democratischen Kräfte geben Pressekonferenz in Rakka
سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے مرکزی لیڈرانتصویر: REUTERS/R. Said

طلال سیلو نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جنرل نے وعدہ کیا ہے کہ حلب کے ایک شہر مَنبِج کو ترک فوجی حملے سے بچایا جائے گا۔ امریکی فوج کے ہیڈکوارٹرز پینٹاگون نے جنرل ووٹل کے دورے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

جنرل ووٹل گزشتہ برس مئی میں بھی شمالی شام کا ایک دورہ کر چکے ہیں۔ ایس ڈی ایف اِس وقت جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی خود ساختہ خلافت کے مرکز الرقہ کی بازیابی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس مہم میں امریکی فوجی مشیر بھی باغیوں کی معاونت کر رہے ہیں۔

 سیریئن ڈیموکریٹک فورسز  کو امریکی حمایت حاصل ہے اور یہ صدر بشارالاسد کی حکومت کے علاوہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف بھی اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ تنظیم سن 2015 میں قائم کی گئی تھی۔ اس کے قبضے میں شمالی شام کی کرد اور عرب آبادیوں پر مشتمل علاقے ہیں۔ انہی علاقوں کے رضاکار اب اب ایس ڈی ایف کی عسکری قوت کا حصہ ہیں۔