1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: پروان کی صوبائی علماء کونسل کے سربراہ ہلاک

عاصم سلیم
9 مئی 2017

افغانستان کے صوبہ پروان ميں منگل نو مئی کو ايک مدرسے ميں ہونے والے بم دھماکے ميں صوبائی علماء کونسل کے سربراہ مولوی عبدالرحيم حنفی ہلاک ہو گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/2ceVg
Karte Afghanistan Provinz Parwan Deutsch
تصویر: DW

پروان کے نائب گورنر شاہ ولی شاہد نے مولوی عبدالرحيم حنفی کی ہلاکت کی تصديق کر دی ہے۔ انہوں نے بتايا کہ منگل کی صبح صوبائی صدر مقام چاریکار کے ايک مدرسے ميں ہونے والے بم حملے کا مرکزی ہدف مولوی حنفی ہی تھے۔ ڈپٹی گورنر نے اسے ايک ’دہشت گردانہ کارروائی‘ قرار ديا۔ علاقائی پوليس کے سربراہ محمد زمان ماموزئی نے بتايا کہ بم کلاس روم ميں مقتول مولوی حنفی کے کمبل کے نيچے چھپايا گيا تھا۔ دھماکے ميں مدرسے کے چند طالب علم بھی زخمی ہوئے ہيں۔ کونسل کے ايک رکن نے بتايا ہے کہ واقعے ميں کم از کم آٹھ طلباء زخمی ہوئے، جن ميں سے تين کی حالت نازک ہے۔

تاحال يہ واضح نہيں کہ اس مذہبی رہنما کو کيوں نشانہ بنايا گيا اور اس حملے کا ذمہ دار کون ہے۔ افغان طالبان اکثر ان مذہبی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہيں، جن کی تعليمات ان کے مطابق نہيں ہوتيں۔

مولوی عبدالرحيم حنفی صوبہ پروان کی علماء کونسل کے سربراہ تھے۔ يہ کونسل صوبے کے تمام ملاؤں اور مذہبی تعليمات فراہم کرنے والے ديگر افراد کو ہدايات فراہم کرتی ہے۔ افغانستان ميں ايسی مذہبی کونسلز کے ارکان اور سربراہان غیر معمولی اہميت کے حامل ہوتے ہيں۔