برلن اور وارسا حکومتوں کے درمیان اہم مذاکرات
21 جون 2011اس اجلاس میں وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل، وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے، وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے اور کئی دیگر وُزراء بھی شریک ہوں گے۔ ان مذاکرات سے پہلے جرمن وزیر خارجہ ویسٹر ویلے اور اُن کے پولستانی ہم منصب راڈوسلاو سیکورسکی نے ایک جرمن اور ایک پولستانی اخبار کے لیے اپنے ایک مشترکہ مضمون میں لکھا ہے کہ جرمنی اور پولینڈ یورپی یونین کے دائرے میں آئندہ اور بھی زیادہ قریبی اشتراک عمل کے خواہاں ہیں۔
یہ اجلاس اس لیے بھی اہم ہے کہ یکم جولائی سے اپنی باری کے مطابق پولینڈ اگلے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کی صدارت کے فرائض سنبھالنے جا رہا ہے۔ بلاشبہ پولینڈ کے باسی اپنے اس بڑے ہمسایہ ملک جرمنی کے حوالے سے ابھی بھی بہت سے تحفظات رکھتے ہیں اور آج کے اجلاس میں جرمن رہنماؤں کی کوشش ہے کہ وہ پولینڈ کے خدشات کو دور کریں۔
گزشتہ ہفتے پولینڈ کے صدر برونسلاو کومورووسکی نے برلن کا دورہ کیا تھا اور اپنی ایک تقریر میں دونوں قوموں کے درمیان تعلقات میں بتدریج ہونے والی مثبت پیشرفت کو سراہا تھا۔ 1939ء میں نازی سوشلسٹ جرمنی کی جانب سے پولینڈ پر حملے اور چھ سال تک وہاں جابرانہ انداز میں قابض رہنے کی وجہ سے عشروں تک جرمنی اور پولینڈ کے درمیان تعلقات خراب رہے ہیں۔ برلن کی ہمبولٹ یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں پولستانی صدر نے کہا تھا:’’یورپ میں انضمام کا عمل دونوں قوموں کے درمیان مفاہمت کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔‘‘
اگرچہ پولینڈ ابھی یورو زون میں شامل نہیں ہوا اور ابھی تک اپنی کرنسی زلوٹی ہی رائج کیے ہوئے ہے تاہم آج کے وارسا منعقدہ اجلاس میں یورو زون کی مشکلات اور یونان کا سنگین معاشی بحران بھی زیر بحث آئے گا۔
17 جون سن 1991ء کو دوبارہ متحد ہو جانے والے جرمنی اور پولینڈ کے درمیان دوستی کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ اس طرح آج کا اجلاس اس معاہدے پر دستخطوں کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر عمل میں آ رہا ہے۔
آج جن نئے معاہدوں پر دستخط ہوں گے، اُن میں پولیس کے شعبے کے علاوہ سڑکوں اور ہسپتالوں کی تعمیر کے سلسلے میں بھی زیادہ قریبی روابط پر زور دیا جائے گا۔ زیادہ سے زیادہ جرمن پونیورسٹیوں میں پولستانی شعبے قائم کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: کشور مصطفیٰ