1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ: برطانوی پالتو جانور بھی متاثر، پاسپورٹ سے محروم

17 دسمبر 2020

بریگزٹ کے نفاذ کے بعد اس کا اثر برطانوی شہریوں کے ساتھ ان کے پالتو جانوروں پر بھی پڑے گا۔ اب یورپی ملکوں کے سفر سے پہلے ان جانوروں کے لیے خصوصی دستاویزات حاصل کرنا ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/3mqIt
Heimtierausweis der Europäischen Union
تصویر: Petra Steuer/JOKER/picture alliance

یورپی یونین سے الگ ہونے کی عبوری مدت 31 دسمبر کو ختم ہونے کے ساتھ ہی برطانوی پالتو جانور بشمول کتے، بلیاں حتٰی کہ شکاری بلّے بھی یورپی یونین کے اپنے موجودہ پاسپورٹ سے محروم ہوجائیں گے اور ان کے مالکان کو یورپی ممالک کے سفر کے دوران ان جانوروں کے لیے خصوصی دستاویزات حاصل کرنا پڑیں گی۔

برطانیہ کی چیف ویٹرنری افسر کرسٹین مڈل مس نے بتایا کہ گوکہ 31 دسمبر کے بعد بھی پالتو جانوروں کو اپنے مالکان کے ساتھ یورپی یونین کے ممالک میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں اس کے لیے خصوصی 'اینیمل ہیلتھ سرٹیفیکیٹ‘ (اے ایچ سی) اپنے ساتھ رکھنا ہوگا۔

 یہ ہیلتھ سرٹیفیکٹ سفر شروع کرنے سے دس دن سے زیادہ پہلے کا نہیں ہونا چاہیے اور یہ چار ماہ تک کے لیے قابل استعمال ہوگا۔ یہ سرٹیفیکیٹ جانوروں کے صرف تسلیم شدہ ڈاکٹر ہی جانوروں کے  معائنے کے بعد جاری کرسکیں گے۔

نسبتاً آسان شرائط

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق نئی تبدیلی کے حوالے سے 'یورپی یونین پیٹ ٹریول اسکیم‘  کے تحت برطانیہ کو پارٹ ٹو حیثیت دی گئی۔ جس کی وجہ سے پالتو جانوروں کے سفر کے لیے نسبتاً آسان شرائط رکھی گئی ہیں۔ اگر یورپی یونین نے برطانیہ کو 'غیر اندراج‘ یعنی کم پسندیدہ ملک کی فہرست میں شامل کیا ہوتا تو صورت حال زیادہ پیچیدہ ہوسکتی تھی۔ غیر اندراج ممالک کے پالتو جانوروں کو یورپی یونین کے ملکوں میں سفر کرنے سے کم از کم تین ماہ قبل ریبیز کے لیے بلڈ ٹسٹ کروانے پڑتے ہیں۔

برطانیہ کے پالتو جانوروں کو سفر کرنے کے لیے وہی حیثیت دی گئی ہے جو آسٹریلیا، روس اور امریکا کے پالتو جانوروں کو حاصل ہے۔

 ماضی میں برطانوی پالتو جانوروں کو بھی صرف یورپی یونین پالتو جانور پاسپورٹ کے ساتھ پورے یورپ میں کہیں بھی آزادانہ سفر کرنے کی اجازت تھی۔ لیکن بریگزٹ کی عبوری مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی یورپی یونین میں پالتو جانوروں سے متعلق قانون کا اطلاق برطانوی پالتو جانوروں اور ان کے مالکان پر نہیں ہوگا۔

بریگزٹ کے بعد آزاد نقل و حرکت کا مستقبل کیا ہو گا؟

 مائیکروچپ لگایا جائے گا

اب نئی حیثیت کے مطابق کتوں، بلیوں اور شکاری بلّوں نیز معذور افراد کی مدد کرنے والے کتوں کو بھی نہ صرف سفر کرنے سے قبل خصوصی سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہو گا بلکہ انہیں ایک مائیکرو چپ لگایا جائے گا، ریبیز کا انجیکشن لگایا جائے گا اور انہیں کیچوے(ٹیپ ورم) کا علاج کروانا ہوگا۔

ان ضابطوں کا اطلاق برطانیہ سے شمالی آئرلینڈ کا سفر کرنے والے پالتو جانوروں پر بھی ہوگا۔

’پیٹ فوڈ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن‘ کی 2018 ء کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں لگ بھگ 12ملین یا تمام کنبوں کے 44 فیصد کے پاس پالتو جانور ہیں۔ ان میں تقریباً نو ملین کتے اورآٹھ ملین بلیاں شامل ہیں۔

پالتو جانوروں کے مالکان کے لیے یہ بری خبر ایسے وقت میں آئی ہے جب یورپی یونین اور برطانیہ کے چوٹی کے مذاکرات مابعد بریگزٹ تجارت کے ضابطوں پر کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔

ج ا/ ک م    (روئٹرز، اے ایف پی)

پالتو کتوں کے ساتھ ریستوراں میں انجوائے کریں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید