بھارتی ریاست کرناٹک میں بی جے پی سرفہرست
15 مئی 2018بھارت کی 60 ملین سے زائد آبادی والی ریاست کرناٹک میں اپوزیشن کانگریس پارٹی کی حکومت تھی تاہم ہفتہ 12 مئی کو ہونے والے انتخابات کے اب تک سامنے والے نتائج کے مطابق اس جماعت کو 78 نشستیں ملی ہیں۔ 2014ء کے انتخابات میں کانگریس کو کرناٹک میں 122 نشستیں ملی تھیں۔ کرناٹک سیاسی حوالے سے اہم ترین ریاستوں میں شمار ہوتی ہے اور بھارت کا گلوبل آئی ٹی حب بنگلور بھی اسی ریاست میں واقع ہے۔
کرناٹک میں ہونے والے ان ریاستی انتخابات کو اس لیے بھی اہمیت حاصل ہے کیونکہ بھارت میں وفاقی انتخابات آئندہ برس منعقد ہونا ہیں اور یہ انتخابی نتائج بڑی سیاسی جماعتوں کی عوامی مقبولیت کا پیمانہ قرار دیے جا رہے ہیں۔ بھارت کی کُل انتیس ریاستوں میں سے اکیس پر قوم پرست بی جے پی کی حکومت ہے۔
بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آج منگل 15 مئی کی سہ پہر تک آنے والے نتائج کے مطابق بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے کم از کم 113 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ تاہم کانگریس پارٹی کے سربراہ راہول گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان انتخابات میں تیسرے نمبر پر موجود جماعت جنتا دل کی غیر مشروط حمایت کو تیار ہیں کہ وہ کرناٹک میں حکومت بنا لے۔
کانگریس پارٹی کی طرف سے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ رہنے والے سدارامئیا نے بنگلور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی کو حکومت سے باہر رکھنے کے لیے یہی بہترین طریقہ ہے۔‘‘
دوسری طرف بی جے پی نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی شرمناک شکست سے بچنے کے لیے ووٹروں سے غداری کر رہی ہے۔ کرناٹک کے لیے بی جے پی کی طرف سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار بی ایس یادیورپا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’لوگوں کی طرف سے شکست سے دوچار کیے جانے کے باوجود کانگریس پچھلے دروازے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
کرناٹک ریاست میں ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا تناسب ریکارڈ 70 فیصد رہا۔ کانگریس پارٹی جو 2014ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے شکست کے بعد وفاق میں حکومت سے محروم ہو گئی تھی وہ اب اس ریاست میں حکومت میں رہنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ا ب ا / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)