1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ شروع

13 جنوری 2012

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پرتھ میدان کی وکٹ تیز بالروں کے لیے سازگار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/13iul
مائیکل کلارکتصویر: AP

پرتھ اسٹیڈیم کی گرین ٹاپ پچ کو دیکھتے ہوئے بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے چار چار فاسٹ بالرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بھارتی ٹیم میں تقریباً بیس برسوں کے بعد چار فاسٹ بالر شامل کیے گئے ہیں۔ میچ سے قبل ہونے والے ٹاس میں میزبان ملک کی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو سکے کی اسپن پر شکست دی۔ کلارک نے ٹاس جیت کر فوراً ہی پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے گرین پچ کی تیزی کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

مائیکل کلارک کے بالنگ کروانے کے فیصلے کو تیسرے اوور میں وریندر سہواگ کے آؤٹ ہونے سے تقویت حاصل ہوئی۔ لنچ بریک تک چار ٹاپ بھارتی کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ تیرہ ہزار سے زائد رنز بنانے والے راہول ڈراوڈ صرف نو رنز بنا سکے۔ سوویں سینچری کے متلاشی ٹنڈولکر بھی پندرہ کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ گوتم گھمبیر اکتیس رنز بنا سکے۔ کھانے کے وقفے پر بھارتی ٹیم کا اسکور تہتر رنز تھا۔ ہلفنہاؤس نے دو جبکہ سِڈل اور ہیرس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مبصرین کے مطابق اگر بھارتی ٹیم پہلے دن آؤٹ ہو جاتی ہے تو اسے تیسرا ٹیسٹ میچ بچانا مشکل ہو جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ چار سال قبل بھارتی ٹیم نے اسی میدان پر ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ اس میچ میں عرفان پٹھان کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس تھی۔

Zaheer Khan Flash-Galerie
بھارت کے تییز بالر ظہیر خان پرتھ اسٹیڈیم پر اہم کردار ادا کر سکتے ہیںتصویر: AP

آسٹریلوی ٹیم میں جیمز پیٹن سن اپنے پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ان کی جگہ ریان ہیرس کو شامل کیا گیا۔ اسپنر ناتھن لیون کی جگہ میچل اسٹارک نے لی۔ بھارتی ٹیم میں آل راؤنڈر اور اسپنر روی چندرن ایشون کی جگہ تیز بالر وِنے کمار کو دی گئی۔

پرتھ کا شہر آسٹریلیا کی ریاست مغربی آسٹریلیا میں واقع ہے اور آبادی کے لحاظ سےچوتھا بڑا آسٹریلوی شہر ہے۔ دریا سوان اس کے بیچوں بیچ سے گزرتا ہوا مغربی آسٹریلیا کی مصروف بندرگاہ فری مینٹل ہاربر کے قریب بحر ہند میں شامل ہو جاتا ہے۔ اسی شہر میں ٹینس کی مکسڈ ٹیم کی غیر سرکاری چیمپئن شپ ہوپ مین کپ کا انعقاد ہر سال کے شروع پر کیا جاتا ہے۔ اس برس یہ چیمپئن شپ یورپی ملک چیک جمہوریہ نے جیتی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں