ترکی ميں کرپشن کيس کے تمام مشتبہ افراد رہا، وزير اعظم کا خير مقدم
1 مارچ 2014ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق استنبول کی ايک عدالت کے اس فيصلے کے تحت بد عنوانی کے مقدمے کے آخری پانچ مشتبہ افراد کو بھی رہا کر ديا گيا ہے۔ جمعے کے روز رہائی پانے والوں ميں سابق وزير داخلہ کے بيٹے بارس گولير، سابق وزير خزانہ کے صاحب زادے کان کگليان اور آذربائيجان سے تعلق رکھنے والے بزنس مين رضا زراب بھی شامل ہيں۔
گولير اور کگليان پر الزام ہے کہ انہوں نے رشوت دينے اور لينے ميں مدد فراہم کی جبکہ زراب پر شبہ ہے کہ انہوں نے ايک ايسا گروہ قائم کيا، جو حکومت کے ’ہلک بينک‘ کے ذريعے بين الاقوامی پابنديوں کے شکار ملک ايران کو سونے کی فروخت کو پوشيدہ رکھنے کے ليے اہلکاروں کو رشوت دينے ميں ملوث تھا۔
قريب دو ہفتے قبل ’ہلک بينک‘ کے سابق سربراہ سليمان ارسلان کو بھی رہا کر ديا گيا تھا، جن پر ايران کو سونے کی فروخت سے متعلق کرپشن، فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہيں۔ پوليس نے ان کے مکان سے جوتے کے ڈبوں ميں چھپے قريب ساڑھے چار ملين ڈالر برآمد کيے۔
ترکی کے ايک نجی ٹيلی وژن چينل NTV کے مطابق ان مشتبہ افراد کی رہائی کا فيصلہ تمام ضروری شواہد اکھٹے کيے جانے کے بعد کيا گيا ہے۔ تاہم پانچوں ملزمان کے خلاف سفری پابندياں عائد کر دی گئی ہيں اور انہيں بيرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہيں ہے۔
اس پيش رفت پر ترک وزير اعظم رجب طيب ايردوآن نے کہا کہ يہ فیصلہ ان کی توقعات کے عین مطابق ہوا ہے اور يہ کہ انصاف ہو چکا ہے۔
اس کے برعکس ملک کی مرکزی اپوزيشن جماعت ری پبلکن پيپلز پارٹی کے رہنما کمال کليشدا اوگلو کا کہنا ہے کہ انہيں عدالتی فيصلے پر کوئی تعجب نہيں۔ ان کا کہنا ہے، ’’ہم پہلے ہی يہ کہہ چکے تھے کہ انہيں چھوڑ ديا جائے گا۔ وہ کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہيں۔‘‘
ترکی ميں عوامی احتجاج کا سبب بننے والا بد عنوانی کا يہ معاملہ گزشتہ برس دسمبر ميں منظر عام پر آيا تھا، جب ايردوآن کے کئی قريبی کاروباری و سياسی اتحاديوں کو زير حراست لے ليا گيا تھا۔ اسی تناظر ميں کابينہ کے تين وزراء نے اپنے بيٹوں کی گرفتاری کے بعد اپنے اپنے استعفے دے ديے تھے۔ بعد ازاں ايردوآن کو کابينہ ميں رد و بدل بھی کرنا پڑا تھا جبکہ اسی دوران ملک کے کئی حصوں ميں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو گيا۔
وزير اعظم رجب طيب ايردوآن نے اپنے سابق اتحادی اور موجودہ سياسی حريف ترک نژاد امريکی شہری فتح اللہ گُلن کے حاميوں پر اس کا الزام عائد کرتے ہوئے گُلن کے حامی مانے جانے والے درجنوں استغاثہ کے وکلاء اور پوليس اہلکاروں کو برطرف کر ديا ہے۔ پھر ابھی پچھلے ہی دنوں حکومت کے انٹرنيٹ اور عدليہ پر اضافی کنٹرول سے متعلق بلوں پر دستخط بھی کيے جا چکے ہيں۔ يہ معاملہ گزشتہ گيارہ سالوں سے چلی آ رہی ايردوآن حکومت کے ليے سب سے بڑا چيلنج ثابت ہو رہا ہے۔
امريکا نے جمعرات کے روز جاری کردہ اپنی سالانہ ہيومن رائٹس رپورٹ ميں ترک عدليہ کو ’سياست کا شکار‘ اور ’ضرورت سے زيادہ بوجھ تلے‘ قرار ديا ہے۔