1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: فٹ بال پارٹی، تین زخمی، حملہ آور ہلاک

15 جون 2024

مشرقی جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ کے شہر وولمیراسٹیڈ میں ایک فٹ بال پارٹی میں ایک چاقو کے حملے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

https://p.dw.com/p/4h548
Fussball Bundesliga | Polizei ist vor der Allianz Arena im Einsatz in München
تصویر: RONALD WITTEK/EPA

جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ میں فٹ بال ٹورنامنٹ یوروپین چمپیئن شپ 2024ء کے افتتاح کے موقع پر ایک نجی پارٹی میں ایک شخص نے متعدد افراد پر چاقو سے حملہ کیا۔ اس حملے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے۔ پولیس نے بعد ازاں حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

سیکسنی انہالٹ صوبے کے دارالحکوت ماگڈے بُرگ کے نزدیک واقع شہر وولمیراسٹیڈ  میں جمعہ 14 جون کی شام یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ  2024 ء کا پہلا میچ ایک نجی پارٹی میں دیکھا جا رہا تھا۔ جرمنی اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان یہ میچ جرمنی کی جنوبی ریاست باویریا کے دارالحکومت میونخ کے مشہور زمانہ فُٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا تھا۔

یوروپین چمپیئن شپ 2024ء کے افتتاح کے میچ کا منظر
یوروپین چمپیئن شپ 2024ء کے افتتاحی میچ میں جرمنی بمقابلہ اسکاٹ لینڈتصویر: Andrew Milligan/empics/picture alliance

جرمنی کے بِلڈ اخبار نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور اس عمارت  میں داخل ہوا جہاں یہ پارٹی ہو رہی تھی اور حاضرین پر چاقو سے وار کیے جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بلڈ کے مطابق دو افراد بہت بری طرح زخمی ہیں۔

اخبار بلڈ کی اطلاعات کے مطابق چاقو حملہ کھیل کے آغاز کے چند منٹ بعد ہوا۔ پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق حملہ آور نے ایک اور قریبی مقام پر ایک شخص کو چاقو کے وار کا نشانہ بنایا تھا۔

ورلڈ کپ میں جرمن فٹ بال ٹیم کا لیڈر کون؟

حملہ آور کو بعد میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بلڈ اخبار نے پولیس کی ایک خاتون ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مذکورہ شخص جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسران کی طرف بڑھا جس کے بعد ''آتشیں اسلحہ استعمال کیا گیا۔‘‘

پولیس کی خاتون ترجمان نے اس امر کی تصدیق کی کہ مجرم گولی لگنے کے بعد ''ہسپتال میں دم توڑ گیا۔‘‘

برلن کے برانڈن برگ گیٹ پر جرمن شائقین کا ہجوم
یوروپین چمپیئن شپ 2024ء کے افتتاحی میچ کی پبل ویوونگ برلن میںتصویر: Christoph Soeder/dpa/picture alliance

پُر امن افتتاحی میچ

میونخ اسٹیڈیم میں جمعے کی رات ہونے والا  یورو 2024 ء کا افتتاحی میچ کافی حد تک پُر امن تھا۔ جبکہ ٹورنامنٹ کی دوران کسی بڑے حملے کے رونما ہونے کے خدشات پائے جاتے تھے۔

یاد رہے کہ جرمنی کی  فٹ بال ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ یورو 2024ء کے میچز 14 جولائی تک جرمنی کے شمال میں ہیمبرگ سے لے کر جنوب میں میونخ تک 10 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ 

ک م/ا ب ا ( اے ایف پی، ڈی پی اے)