1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں کورونا ویکسین لگانے کا جامع پروگرام شروع

26 دسمبر 2020

جرمن حکومت نے اپنی سولہ وفاقی ریاستوں کو کورونا ویکسین کی کھیپ روانہ کرنا شروع کر دی ہے۔ جرمنی بھر میں کورونا ویکسین ستائیس دسمبر بروز اتوار سے لگائی جا رہی ہے۔ ہنگری میں ویکسین ہفتہ چھبیس دسمبر سے لگانی شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3nErE
Deutschland Haar | Corona Impfstoff | Testung
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Hoemann

یورپی یونین کے ممالک میں کورونا ویکسین کے انجیکشن لگانے کا سلسلہ ستائیس دسمبر بروز اتوار شروع ہو رہا ہے۔ یہ ویکسین جرمن دوا ساز ادارے بائیو این ٹیک اور کثیر القومی امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔ کورونا کی وبا کے خلاف تیار کی جانے والی یہ پہلی ویکسین ہے، جس کی ہنگامی بنیاد پر استعمال کی منظوری امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور کئی دوسرے ملک دے چکے ہیں۔

ویکسین، کورونا کی نئی قسم کے خلاف بھی موثر ہے : محققین

یورپی یونین کے دوا سازی کے نگران ادارے یورپی میڈیسین ایجنسی نے اس ویکسین کی باضابطہ منظوری رواں مہینے کی اکیس تاریخ کو دی تھی۔ اس منظوری اور پھر یورپی یونین کی توثیق کے بعد رکن ریاستوں نے اپنی اپنی عوام کو ویکسین لگانے کے جامع سلسلے کو حتمی صورت دے دی ہے۔ ان ممالک میں جرمنی بھی شامل ہے جہاں اتوار سے ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

Coronavirus | Impfstoffproduktion von Pfizer in Puurs
جرمنی میں کورونا ویکسین کی سپلائی وفاقی ریاستوں کو چھبیس دسمبر کو شروع کر دی گئی ہےتصویر: David Pintens/BELGA/dpa/picture alliance

ویکسین مراکز کا قیام

جرمن شہر مائنز میں واقع  دوا ساز ادارے بائیو این ٹیک کے گودام سے ویکسین کی ہزاروں سربمہر شیشیوں کی فراہمی کا سلسلہ ہفتہ چھبیس دسمبر کی صبح سے شروع ہوچکا ہے۔ یہ دوا جرمنی بھر میں ستائیس مختلف مقامات کو روانہ کی گئی ہے۔ ان مراکز سے ویکسین ذیلی سینٹرز تک پہنچائی جائیں گی۔ اس مناسبت سے جرمن وزیر صحت ژینس شپاہن کا کہنا ہے کہ ویکسین مراکز پر دوا لگانے کے عمل میں موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی۔

کورونا وائرس: یورپ میں ویکسین لگانے کی تیاری شروع

جرمن دارالحکومت برلن میں پریس کانفرنس میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ان مراکز پر ویکسین لگانے والی ٹیمیں متعین کر دی گئی ہیں۔ بائیو این ٹیک کی ویکسین خصوصی تھرمل باکسز میں رکھی گئی ہے اور ایک خوراک ایک چھوٹی سی بوتل میں ہے۔ ہر تھرمل باکس کا درجہٴ حرارت منفی ستر ڈگری سیلسیئس پر رکھا گیا ہے۔

Distribution und Verteilung des Corona Impfstoffs I Mexiko
مختلف ویکسینیشن مراکز تک ویکسین خصوصی باکسز میں رکھ کر پہنچائی گئی ہےتصویر: Edgard Garrido/REUTERS

ویکسینیشن کا جرمنی میں انتظار

عام لوگوں نے اس پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ امریکا میں ویکسینیشن کا آغاز قریب دو ہفتے قبل ہو چکا ہے اور جرمنی، جہاں یہ دوا تیار کی گئی وہاں تاخیر کی وجہ کیا ہے۔ اس کی بظاہر بنیادی وجہ اس ویکسین کی یورپی میڈیسن ایجنسی کی جانب سے باضابطہ منظوری اور پھر یورپی یونین کے توثیقی اعلان کی رکاوٹ تھی۔ 

کورونا وائرس: امریکا میں ویکسین لگانے کا کام شروع

جرمن حکومت کے پرزور اصرار اور دوسرے یورپی ملکوں کے دباؤ پر یورپی میڈیسن ایجنسی نے اپنا اجلاس اگلے برس جنوری سے پہلے اٹھائیس دسمبر کو منتقل کیا اور پھر اس کو بھی جلد طلب کیا گیا۔ اجلاس اکیس دسمبر کو منعقد ہوا اور اس کی منظوری کی سفارشات کو یورپی کمیشن نے فوری طور پر منظور کر لیا۔ جرمنی یورپی یونین سے باہر رہ کر علیحدہ سے اس ویکسین کے استعمال کی منظوری نہیں دے سکتا تھا۔ یہ فیصلہ یورپی اقوام کے اتحاد کا مظہر بھی قرار دیا گیا ہے۔

Coronavirus | Impfungen gestartet | Boston USA
ویکسین لگانے والی خصوصی سرنجیں بھی فراہم کی گئی ہیںتصویر: Brian Snyder/REUTERS

جرمنی میں ویکسین کے اولین مستحق افراد

کورونا ویکسین لگانے کے ضوابط بھی طے کر لیے گئے ہیں۔ سب سے پہلے 80 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو سینیئر سیٹیزن ہاؤسز میں مقیم ہیں۔ ان کے علاوہ ہسپتالوں اور نرسنگ ہاؤسز میں متعین افراد یا عملے کو ویکسین لگانے میں ترجیح دی گئی ہے۔ اگلے سال مارچ تک اس مقصد کے لیے گیارہ سے بارہ ملین خوراکیں درکار ہوں گی۔ اتنی ویکسین سے 55  لاکھ سے 60  لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے۔ ایک تازہ سروے کے مطابق جرمنی کی دو تہائی آبادی ویکسین لگوانے پر رضامند ہے۔

برطانیہ میں کووڈ انیس کی ویکسین لگانے کا آغاز

ویکسینیشن سے کورونا وبا پر کنٹرول ممکن ہے!

جرمن شہروں کی تنظیم نے عوامی توقعات پر یہ کہہ کر کسی حد تک اوس گرا دی ہے کہ وبا کنٹرول کرنے کی ابھی ابتداء ہے کیونکہ خطرناک وائرس کا خطرہ ابھی پوری طرح ٹلا نہیں ہے اور ویکسین لگوانے کے بعد بھی خبردار رہنے کی ضرورت ہو گی۔

Coronavirus | Impfungen gestartet | Serbien Belgrad
بائیو این ٹیک کی ویکسین خصوصی تھرمل باکسز میں رکھی گئی ہے اور ایک خوراک ایک چھوٹی سی بوتل میں ہےتصویر: Marko Djurica/REUTERS

جرمن شہر کِیل میں مقیم وائرولوجسٹ پروفیسر ہیلموٹ فِکنشر کا کہنا ہے کہ ویکسین کے پروگرام سے ملک میں وبا پر فوری طور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ لاکھوں افراد کو ویکسین لگانے میں ایک دو دن نہیں بلکہ خاصا وقت درکار ہو گا اور پھر اس کی دو خوراکوں کے بعد ہی مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

ع ح، ع آ (ڈی پی اے، اے ایف پی)