1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ساندرا بُلاک ہالی وُڈ ایوارڈز سمیٹنے میں مصروف

25 جنوری 2010

ہالی وُڈ کی اداکارہ ساندرا بُلاک کے لئے ایوارڈز سمیٹنا ایک نئی بات ہے۔ اب اسکرین گلڈ ایوارڈ جیتنے کے بعد اس 45 سالہ ایکٹریس نے کہا ہے کہ وہ محض پیسہ بنانے کے لئے فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتیں۔

https://p.dw.com/p/Lfqz
تصویر: picture alliance/dpa

بُلاک کو ان کی ایک حالیہ فلم ’دی بلائنڈ سائیڈ‘ کے لئے بہترین اداکارہ کا اسکرین گلڈ ایوارڈ دیا گیا ہے، جسے انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا ایک بہترین موقع قرار دیا ہے۔

وہ کہتی ہیں: ’اگر آپ میرے فلمی کیریئر پر نظر ڈالیں، تو کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ آج میں اس مقام تک پہنچوں گی۔ یہ پیشین گوئی کوئی نہیں کر سکتا تھا۔ میں خود بھی ایسا نہیں سوچ سکتی تھی۔‘

ساندرا بُلاک کی یہ عاجزی اسکرین گلڈ ایورڈز کی تقریب کے موقع پر بھی ظاہر ہوئی، جب ایک صحافی نے یہ کہا کہ وہ آسکر ایوارڈ بھی جیت سکتی ہیں۔ اس موقع پر بُلاک نے اس صحافی کو دھیمے انداز سے ٹوک دیا اورکہا: ’میں مانتی ہوں کہ مجھ میں اداکارہ بننے کی بہت زیادہ صلاحیت کبھی بھی نہیں تھی۔ شاید میں کسی ریستوراں میں ویٹریس بن جاتی یا پھر ایئرہوسٹس ہوتی، کیونکہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اچھی اداکارہ ہو سکتی ہوں۔‘

وہ کہتی ہیں: ’میں ایسے چند لوگوں میں سے ایک ہوں، جو یہ جانتے ہیں کہ وہ کس قدر خوش قسمت ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر صبح جب میری آنکھ کھلتی ہے تو میں ان تمام نعمتوں پر غور کرتی ہوں جو مجھے حاصل ہیں۔‘

Venedig Filmfestival 2006
خود کو حاصل نعمتوں پر غور کرتی رہتی ہوں، بُلاکتصویر: AP

ساندرا بُلاک کی فلم ’دی بلائنڈ سائیڈ‘ گزشتہ برس نومبر میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ ایک ڈرامہ مووی ہے، جس میں بُلاک نے ایک دولت مند ‌خاتون کا کردار نبھایا ہے۔ ان کی یہ فلم کامیاب رہی اور ریلیز کے بعد سے اب تک صرف امریکہ اور کینیڈا میں ہی یہ فلم باکس آفس پر مجموعی طور پر 231 ملین ڈالر کا بزنس کر چکی ہے۔

تاہم یہ فلم ساندرا بُلاک کے لئے کچھ اور بھی کارنامہ انجام دے چکی ہے۔ اس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا ہے اور انہیں بہت سے ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ اسکرین گلڈ ایوارڈ سے قبل گزشتہ ہفتے اسی فلم میں اداکاری پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

اس اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں فلمی دنیا سے ایک بریک لیا اور اس دوران درمیانے درجے کے کرداروں سے انکار کرتے ہوئے نہ کہنا بھی سیکھا۔

ساندرا بُلاک کو مقبولیت 1994ء میں بننے والی ان کی ایک ایکشن فلم ’اسپیڈ‘ سے حاصل ہوئی۔ اس فلم نے عالمی باکس آفس پر 350 ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔ تب سے اب تک بُلاک متعدد ہِٹ فلموں میں کام کر چکی ہیں، جن میں رومانوی کامیڈی ’مِس کونجینئیلٹی‘ بھی شامل ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک