’صرف شدید علامات والے افراد ہی ہسپتال کا رُخ کریں‘ عمران خان
18 مارچ 2020پاکستانی وزیراعظم نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 245 ہونے کے ضمن میں عوام سے صبر و تحمل کے مظاہرے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناء سری لنکا نے اپنی سرحدیں سیل کرنے کے علاوہ بُدھ کو اپنی اسٹاک مارکیٹ بھی بند کر دی ۔ کولمبو حکومت نے اس مہلک وائرس کے جنوبی ایشیائی ممالک میں پھیلاؤ میں تیزی کے خطرات کے پیش نظر یہ اقدامات کیے ہیں۔
برصغیر پاک و ہند میں راتوں رات تصدیق شدہ کورونا وائرس کی کل تعداد بڑھ کر 482 ہو گئی ہے۔ اس خطے میں غیر ملکی مسافروں کی آمد و رفت روکنے کے لیے پابندیاں عائد کردی گئیں ہیں۔ تیزی سے پھیلنے والا یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے دو لاکھ انسانوں کو متاثر کرچُکا ہے اور دنیا بھر میں اس وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے سبب لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد آٹھ ہزار چار سو انیس تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان جیسے ملک میں اس بات کا شدید خدشہ پایا جاتا ہے کہ صحت کی ناکافی سہولیات اورغریب علاقوں میں گنجان آبادی کے سبب یہ متعدی وائرس تیزی سے پھیلے گا۔ دریں اثناء پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے منگل کو قوم سے اپنے خطاب میں شہریوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر کوئی کورونا وائرس کی خود میں موجودگی کا پتا چلانے کے لیے ٹیسٹ کروانے میں جلدبازی نہ کرے۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے تاہم یہ بھی کہا کہ پاکستان مغربی دنیا کی طرح کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اپنے شہروں کی بڑے پیمانے پر بندش کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔
امریکا اور دیگر اقوام کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ ریستوران، کاروباری ادارے اور دیگر پرہجوم مقامات کو بند کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ روز قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے حالات مغربی دنیا سے مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک چوتھائی شدید غربت کا شکار ہے اور ایسے میں شہروں کی بندش شدید مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا،''یہاں تک کہ امریکا کے پاس بھی ہر کیس کو جانچنے کے وسائل موجود نہیں ہیں۔ صرف شدید علامات والے افراد کو ہسپتال جانا چاہیے۔ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کریں گے اور خدا کی رضا سے ہم یہ جنگ جیتیں گے۔‘‘
پاکستان نے اپنی زمینی سرحدیں پہلے ہی بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم منگل کی شب پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری ضروری اقدامات کے تحت اعلان کر دیا کہ پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں پر یہ لازم ہو گا کہ وہ COVID-19 کے ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کریں۔
دریں اثناء پاکستان کے مرکزی بینک نے اپنی شرح سود کو 75 بی پی ایس سے کم کر کے منگل 12.50فیصد کر دیا۔ یہ گزشتہ چار سالوں میں انٹرسٹ پر پہلا کٹ ہے جو کورونا وائرس سے پورے خطے کے حصص کے بازاروں پر آنے والی تباہی کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب سری لنکا میں اب تک کورونا وائرس کے 43 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اسی تناظر میں کولمبو حکومت نے بدھ سے دو ہفتوں کے لیے بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کو موثر بنایا جا سکے۔
ک م/ ع ت / ایجنسیاں