1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی عدالت میں قطر کے خلاف متحدہ عرب امارات کا مقدمہ خارج

14 جون 2019

اقوام متحدہ کی ایک عدالت نے متحدہ عرب امارات کا دائر کردہ وہ مقدمہ خارج کر دیا ہے، جس میں قطر کے خلاف کارروئی کی درخواست کی گئی تھی۔ عالمی عدالت کے ججوں نے یہ فیصلہ ایک کے مقابلے میں پندرہ ووٹوں کی غالب اکثریت سے سنایا۔

https://p.dw.com/p/3KU9u
سعودی عرب اور قطر کے درمیان سرحدی گزرگاہ جو اس تنازعے کے آغاز کے بعد سے اب تک بند ہےتصویر: Getty Images/AFP/K. Jaafar

ہالینڈ کے شہر دی ہیگ سے جمعہ چودہ جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق خلیج کے خطے میں قطر اور سعودی عرب کی قیادت میں کئی دیگر عرب ریاستوں کے مابین پیدا ہونے والے شدید سیاسی اور سفارتی تنازعے کے بعد دوحہ حکومت کے خلاف یہ مقدمہ متحدہ عرب امارات نے دائر کیا تھا۔

اس میں سعودی عرب کی اس بہت قریبی اتحادی عرب ریاست نے اقوام متحدہ کی عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ خلیجی ریاست قطر کے خلاف اقدامات کا حکم دے۔ لیکن اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے مابین تنازعات کے قانونی حل کی ذمے دار اس اعلیٰ ترین عدالت نے جمعے کے دن اماراتی حکومت کا قطر کے خلاف یہ موقف قانوناﹰ خارج کر دیا۔

متحدہ عرب امارات نے اپنی درخواست میں قطر پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنی ہمسایہ دیگر عرب ریاستوں کے ساتھ امتیازی رویوں کا مرتکب ہو رہا تھا۔ عدالت نے تاہم اس الزام کو مسترد کر دیا اور سولہ ججوں نے یہ فیصلہ ایک کے مقابلے میں پندرہ کی غالب اکثریت سے سنایا۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اس مقدمے میں دوحہ حکومت پر یہ الزام بھی لگایا تھا کہ وہ خلیج کے علاقے میں عرب ریاستوں کے مابین پائے جانے والے تنازعے کو ہوا دے رہی تھی۔ اس سلسلے میں قطر کی حکومت کی طرف سے مبینہ طور پر ملکی عوام کے لیے اماراتی حکومت کی ان ویب سائٹس تک رسائی کو روکنے کے خلاف شکایت بھی کی گئی تھی، جن کے ذریعے ماضی میں یو اے ای سے ملک بدر کیے گئے ہزاروں قطری شہری اپنے پرمٹ حاصل کر کے رہائش کے لیے دوبارہ امارات جا سکتے تھے۔ اس مقدمے میں دوحہ کی طرف سے اماراتی حکومت کے ان الزامات کی تردید کر دی گئی تھی۔

Niederlande | Bolivien fordert vor UN-Gericht Zugang zum Meer von Chile
تصویر: picture-alliance/dpa/epa/J. Lampen

قطر اور متحدہ عرب امارات کے مابین اس قانونی تنازعے کا تعلق 2017ء کے اس واقعے سے ہے، جب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام لگا کر نہ صرف اس کے ساتھ اپنے جملہ سیاسی، سفارتی اور اقتصادی رابطے منقطع کر دیے تھے بلکہ ساتھ ہی اس خیلجی ریاست کی زمینی، سمندری اور فضائی ناکہ بندی بھی کر دی گئی تھی۔

Karte Countries that severed ties with Qatar ENG

قطر نے تب بھی اپنے خلاف ایسے الزامات کی تردید کی تھی اور آج تک کرتا آ رہا ہے۔ اس مقدمے میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے کہا کہ قطر کے خلاف متحدہ عرب امارات کی درخواست میں جن حقوق کی نفی کی بات کی گئی ہے، وہ عالمی ادارے کے امتیازی رویوں کے خلاف معاہدے کے زمرے میں نہیں آتے۔

اس کے علاوہ یہ تنازعہ اس حد تک فوری توجہ کا حقدار بھی نہیں کہ عدالت اس میں فی الفور کوئی عبوری فیصلہ سنائے۔ مزید یہ کہ اگر اس بارے میں پھر بھی مزید کوئی فیصلہ ضروری ہوا، تو وہ ممکنہ طور پر اگلے برس اس مقدمے کی دوبارہ مکمل سماعت کے بعد ہی سنایا جا سکے گا۔

اپنے فیصلے میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے متحدہ عرب امارات اور قطر دونوں ہی سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ کسی بھی طرح کے ایسے اقدامات سے گریز کریں، جن کی وجہ سے قطر اور دیگر عرب ریاستوں کے مابین موجودہ تنازعہ مزید شدید ہو سکتا ہو۔

م م / ا ا / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں