1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہامریکہ

ہالی وُڈ ہِلز اور اسٹوڈیوز کے علاقے میں بھی آگ بھڑک اٹھی

9 جنوری 2025

لاس اینجلس کے ارد گرد لگی جنگلاتی آگ بدھ کے روز ہالی ووڈ ہلز میں پھیل گئی۔ اس جنگلاتی آگ کے سبب کم از کم پانچ افراد ہلاک اور سینکڑوں گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4oyjh
لاس اینجلس کے ایک گھر میں لگی آگ بجھانے کی کوشش
پیش گوئی کرنے والے نجی ادارے ایکو ویدر نے املاک اور معاشی نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے زیادہ لگایا ہے۔تصویر: Ringo Chiu/REUTERS

امریکی شہر لاس اینجلس کے قرب وجوار میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے کیونکہ خشک اور سمندری طوفانی ہوائیں آگ بجھانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ منگل کو شروع ہونے والی آگ نے اب تک ہزاروں ایکڑ پر لگے جنگلات کو جلا دیا ہے۔

 

 

لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے گھانا کا سرکاری دورہ مختصر کرتے ہوئے واپس اپنے شہر پہنچنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا، '' آگ کا یہ طوفان بہت بڑا ہے۔‘‘

فائر چیف کرسٹین کرولی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بدھ کی شام ہالی ووڈ ہلز میں بھی جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد لاس اینجلس کاؤنٹی میں جنگلاتی آگ کا نشانہ بننے والے مقامات کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ سے تباہ ہونے والی ایک عمارت
حکام کا کہنا ہے کہ مشرق میں سان گیبریل  کے پہاڑوں کے دامن 10 ہزار ایکڑ سے زائد علاقہ اور ایک ہزار سے زائد عمارتیں آگے کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔ اس علاقے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔تصویر: AGUSTIN PAULLIER/AFP via Getty Images

لاس اینجلس کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے شہر کے جنوب میں ہالی ووڈ بلیوارڈ سمیت مختلف علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس علاقے کے اندر ڈولبی تھیئٹر ہے، جہاں آسکر انعامات دینے کی تقریب منعقد ہوتی ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے اگلے ہفتے آسکر نامزدگیوں کا اعلان پہلے ہی دو دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

نقصانات کا تخمینہ 50 بلین ڈالر سے زیادہ

حکام کا کہنا ہے کہ مشرق میں سان گیبریل  کے پہاڑوں کے دامن 10 ہزار ایکڑ سے زائد علاقہ اور ایک ہزار سے زائد عمارتیں آگے کی لپیٹ میں آ چکی ہیں۔ اس علاقے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

لاس اینجلس میں لگی جنگلاتی آگ
حکام کا کہنا ہے کہ مشرق میں سان گیبریل  کے پہاڑوں کے دامن 10 ہزار ایکڑ سے زائد علاقہ اور ایک ہزار سے زائد عمارتیں آگے کی لپیٹ میں آ چکی ہیںتصویر: Ringo Chiu/REUTERS

پیش گوئی کرنے والے نجی ادارے ایکو ویدر نے املاک اور معاشی نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے زیادہ لگایا ہے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کے ایمرجنسی منیجمنٹ کے ڈائریکٹر کیون مک گوان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، '' ہم ایک تاریخی قدرتی آفت کا سامنا کر رہے ہیں اور میرے خیال میں الفاظ میں درست طور اس کی شدت کا اظہار نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

پیش گوئی ہے کہ ہواؤں کی شدت میں جلد کمی واقع ہو جائے گی تاہم، خطرے کی صورتحال جمعہ تک برقرار رہے گی۔

جنگلاتی آگ کا توڑ، بيج بونے والے ڈرون

ا ب ا/ا ا (روئٹرز)