1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مغربی یورپ اور برطانیہ میں برفانی طوفان، پانچ افراد ہلاک

خبر رساں ادارے3 فروری 2009

برطانیہ سمیت مغربی یورپ میں منگل کے روز بھی شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کے دن سے اس شدید ترین برف باری سے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔

https://p.dw.com/p/GmQ7
لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کا منظرتصویر: picture alliance / empics

اس طوفانی برف باری کا سب زیادہ شکار بنے والا ملک برطانیہ ہے جہاں ملک بھر میں اسکول، دفاتر، ہوائی اڈے اور دیگر معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ پیر کے دن سے جاری برف باری کی اس شدید لہر سے سینکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور درجنوں کو منسوخ کیا گیا۔

Russland Land und Leute Schnee in Nowosibirsk
شدید برفانی طوفان نے مغربی یورپ کے کئی ممالک کو متاثر کیا ہےتصویر: RIA Novosti

اٹلی میں طوفانی بارشوں اور برف باری سے تین افراد ہلاک ہوئے جب کہ دیگر پانچ سو افراد کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ہوائی اڈے پر تقریبا 87 پروازیں منسوخ کی گئیں جب کہ درجنوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اسپین میں بھی موسم سرما کی ان طوفانی بارشوں اور برف باری نے ذرائع آمد رفت کو متاثر کیا ہے اور میڈرڈ شہر کی دو بڑی ہائی ویز بندش کا شکار ہو گئی۔

Schneechaos London
لندن کی ایک سڑک جس پر برف باری کی وجہ سے اکا دکا گاڑی ہی نظر آرہی ہےتصویر: AP

سوئٹزر لینڈ کے کئی علاقے بھی شدید برف باری کا شکار ہوئے ہیں جہاں 20 سینٹی میٹر تک برف ریکارڈ کی گئی جب کہ بیلجئیم میں برف باری سے صبح کے اوقات میں برسلز اور گردو نواح میں چار سو کلو میٹر علاقے پر ٹریفک تعطل کا شکار دکھائی دیا۔

جنوب مشرقی برطانیہ میں پیر کے روز برف باری سے تقریبا معطل ہو جانے والے ذرائع آمدورفت کو ایک روز بعد ہی دوبارہ قابل استعمال بنا دیا گیا اور لوگ اپنے دفاتر جا سکے مگر تعلمیمی ادارے دوسرے روز بھی بند رہے۔

جنوبی انگلستان میں پیر کے روز پڑنے والی برف نے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔

ماہرین کے مطابق اس برف باری سے چھ ملین سے زائد افراد اپنی روز گار کی جگہوں تک نہ پہنچ سکے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس برف باری سے معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے پہلے سے ہی کساد بازاری کی شکار برطانوی معیشت کو دو روز میں تقریبا ایک اعشاریہ تین بلین پاؤنڈ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

BdT Wintereinbruch sorgt für Notstände in Massachusetts und New Hampshire
شدید برف باری سے یورپ کے کئی ممالک میں ذرائع آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

چھوٹے تاجروں اورکاروباری اداروں کی فیڈریشن کے نمائندے Stephen Alambritis کے مطابق اس ہفتے ملک بھر میں چھوٹی صنعتوں کو 3.3 بلین پاؤنڈ زکا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کہ بڑی معیشتوں میں سے ایک برطانیہ کو ایسے حالات کے لئے پہلے سے تیار رہنا چاہئےتھا۔

لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ سمیت برطانیہ کے کئی دیگر ائیر پورٹ بھی اب کھلے تو ہیں مگر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں یا منسوخ کی جا رہی ہیں۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں سڑکیں ویران و سنسان دکھائی دے رہی ہیں اور زیر زمین ٹرین سروس دو روز سے معطل ہے تاہم کچھ دیگر اضلاع میں اندرون شہر چلنے والی سٹی ٹرام سروس جزوی طور پر کام کر رہی ہے۔