مہاجرت: یونان سے زیادہ تعاون کیا جائے، بان کی مون
18 جون 2016اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اٹھارہ جون بروز اتوار ایتھنز میں صحافیوں کو بتایا کہ یونانی حکومت نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
یونانی جزیرے لیسبوس روانہ ہونے سے قبل انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی مسائل کے باوجود ایتھنز نے اس تناظر میں یورپ کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
بان کی مون نے کہا، ’’یونان کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے اکیلا ہی نہیں چھوڑ دینا چاہیے۔‘‘ انہوں نے یونانی وزیراعظم الیکسس سپراس سے ملاقات کے بعد مزید کہا کہ عالمی برادری کو مل کر ایسے عوامل کا سدباب کرنا چاہیے، جو مہاجرت کی وجہ بن رہے ہیں۔
بان کی مون نے اپیل کی کہ یونان میں مہاجرین کے بحران کے حل کی خاطر یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک بھی بڑا کردار ادا کریں۔ گزشتہ برس ترکی سے بحیرہ ایجیئن کے راستے دس لاکھ افراد سے زائد افراد یونانی ساحلوں پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ اس دوران سینکڑوں افراد سمندر برد بھی ہوئے۔
بان کی مون اتوار کی شام لیسبوس کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ مہاجرین سے بھی ملیں گے۔ یورپی یونین اور ترکی کے مابین مارچ میں طے پانے والی ایک متنازعہ ڈیل کے تحت یونان میں مہاجرین کی آمد کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ لیکن اب بھی یونانی جزیروں پر آٹھ ہزار چار سو مہاجرین موجود ہیں۔ ایتھنز حکومت کے مطابق یہ سبھی سیاسی پناہ حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
علاوہ ازیں یونان کے خشک جغرافیائی علاقوں پر اڑتالیس ہزار مہاجرین بھی موجود ہیں۔ وسطی اور شمالی یورپی ممالک جانے کے خواہش مند یہ مہاجرین و تارکین وطن بھی یونان میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں کیونکہ بلقان ریاستوں نے اپنی سرحدوں کو بند کر دیا ہے۔ یہ افراد بلقان کی ریاستوں سے گزر کر ہی آگے دیگر یورپی ممالک جا سکتے ہیں۔
یونانی وزیراعظم کے مطابق ان کی حکومت نے ان مہاجرین کو ملک میں آنے کی اجازت دے کر ایک بڑی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھا لی ہے اور اب وہ دیگر یورپی ممالک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اس بوجھ کا باٹنے میں ایتھنز کی مدد کریں گے۔ بان کے مون کے ہم راہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دہرایا کہ یونان اس بحران کو اکیلے حل کرنے کے قابل نہیں ہے۔
اس موقع پر سپراس نے اس بحران کی شدت کے اظہار کے طور پر علامتی طور پر بان کی مون کو لائف جیکٹ بھی تحفے میں دی۔ سپراس نے کہا کہ ان کی حکومت امید کرتی ہے کہ ترکی اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والی ڈیل کا احترام کیا جائے گا تاکہ اس بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔