1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی بازارِ حصص میں تیزی، شیئرز کی قدر میں اضافہ

27 مئی 2022

پاکستانی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حکومتی فیصلے کے پاکستانی اسٹاک مارکیٹوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اور ماہرین کے خیال میں غیر یقینی کی فضا ختم ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4BwkU
Pakistan Tankwagen Streik
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے چھ ارب ڈالر کی امداد فراہم کیے جانے کے امکان کو یقینی بنانے کے لیے مہینوں سے پٹرول کی منجمد قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا  ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے امداد فراہم کرنے کی اولین شرط یہی تھی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے امداد کی فراہمی سن 2019 کے معاہدے کے تسلسل میں ہے۔

پاکستان آئی ایم ایف امدادی پروگرم کے حجم میں وسعت کا متمنی

پاکستانی بازار حصص میں شیئرز کی قیمتوں میں جمعہ ستائیس مئی کی صبح 2.26%  فیصد کا اضافہ ہوا اور مالی منڈیوں میں پیدا عدم استحکام کا خاتمہ ہو گیا۔ اس پیش رفت کی وجہ سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی روپے کی قدر میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی۔

پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا اعلان

جمعہ ستائیس مئی سے حکومتی فیصلے کے مطابق پٹرول اور اس کے ساتھ جڑی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت نے بیس فیصد کا اضافہ کر دیا ہے۔

Pakistan Währung Wechsel Dollar Rupien Geldscheine
جمعہ ستائیس مئی کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی روپے کی قدر میں بھی بہتری دیکھنے میں آئیتصویر: picture-alliance/dpa/A.Gulfam

اس اضافے کے بعد پٹرول پمپس پر صارفین کی گاڑیوں کی لمبی قطاریں کھڑی ہو گئی تھیں۔ اب حکومتی اعلان کے بعد فی لیٹر پٹرول کی قیمت 179.86 روپے ہو گئی ہے اور ڈیزل فی لٹر 174.15 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

ان قیمتوں میں اضافہ جمعرات پچیس مئی کو اسلام آباد اور آئی ایم ایف کے درمیان نو سو ملین ڈالر کے مالی پیکج پر طے پانے والا ایک معاہدہ ہے۔ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بات چیت میں شامل پاکستانی وفد کے ایک رکن نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایاکہ پٹرول پر رعایتوں کا خاتمہ اورقیمت بڑھانے کے بعد ہی مالی پیکج جاری کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف نے بھی دوحہ بات چیت میں مثبت پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

نیا مالیاتی بل، کیا پاکستان میں مہنگائی اور بڑھے گی؟

اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات

ایک مالیاتی ادارے بی ایم اے کیپیٹل مینیجمنٹ کے ڈائریکٹر سعد ہاشمی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور اس کی مصنوعات پر دی گئی رعایتوں کو ختم کرنے کے اسٹاک مارکیٹوں میں مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام ملکی اقتصاد کے ایک اہم مسئلے کو حل کرنے سے جڑا ہے اور اب اس کی امید کی جا سکتی ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ پاکستانی معیشت کے لیے اپنے مالیاتی پروگرام کو بحال کر دے گے اور پاکستان کے لیے مالیاتی امداد کا اجراء ممکن ہو سکے گا۔

ع ح ش/ خ (روئٹرز)