پرتھ ٹیسٹ بھی بھارت کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا
13 جنوری 2012بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی سلسلے میں کھیلے جا رہے تیسرے میچ کے پہلے دن کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اور فاسٹ بولر ہیلفن ہاؤس کی عمدہ بولنگ رہی ہے۔ وارنر 104کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ اس سے قبل ہیلفن ہاؤس نے اٹھارہ اوورز میں چار بھارتی بلے باز آؤٹ کیے۔
پہلے دن کے اختتام پر بھارت کو اگرچہ بارہ رنز کی برتری حاصل ہے لیکن دن کے مجموعی کھیل کو دیکھتے ہوئے کرکٹ ناقدین نے کہا ہےکہ بھارتی کھلاڑیوں کے حوصلے ٹوٹ چکے ہیں۔ اس وقت وارنر کے ساتھ ان کے ساتھی اوپنر ایڈ کاوَن نے چالیس رنز بنا رکھے ہیں۔ جب آسٹریلوی بلے بازوں نے اپنی اننگز شروع کی تو انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور جلد سے جلد رنز بنانے کی کوئی کوشش ضائع نہ ہونے دی۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سینچری میں تین چھکے اور تیرہ چوکے لگائے۔ انہوں نے گراؤنڈ کے اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے جبکہ دوسری طرف کاوَن نے محتاط انداز میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
پرتھ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلار ک کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور بھارتی بلے باز مختصر وقفوں کے ساتھ اپنی وکٹیں کھوتے رہے۔ بھارتی بلے بازوں میں کامیاب ترین کھلاڑی ویراٹ کوہلی رہے، جنہوں نے اکتالیس رنز بنائے۔
وریندر سہواگ صفر، گوتم گھمبیر اکتیس، راہول ڈریورڈ 9 جبکہ لٹل ماسٹر سچن تندولکر پندرہ کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹے۔کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور بارہ کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ یوں بھارتی ٹیم پہلے دن صرف ساٹھ اعشاریہ دو اوورز میں 161 کا ٹوٹل بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ یہ بھارت کا اس سیریز میں کسی اننگز میں کم ترین اسکور ہے۔
آسٹریلوی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بن ہیلفن ہاؤس نے چار، رائن ہیرس نے ایک، مچل اسٹراک نے دو جبکہ پیٹر سِڈل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اس وقت آسٹریلیا کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔ ناقدین کے بقول پرتھ ٹیسٹ بھی اب بھارت کے ہاتھوں سے نکل گیا ہے اور اگر بھارت نے اس ٹیسٹ میں واپس آنا ہے تو اسے غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہو گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق