ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ برطانیہ منسوخ کیا جائے، صادق خان
31 جنوری 2017صادق خان کا کہنا تھا کہ سات مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے سے امریکی سلامتی میں بہتری کی بجائے اسے مزید نقصان پہنچے گا۔ برطانیہ کے اہم ترین مسلم رہنماؤں میں شامل صادق خان کے مطابق وہ اس حوالے سے جلد ہی اعلیٰ امریکی سفارت کاروں سے ملنے والے ہیں اور انہیں بھی اپنی تشویش سے آگاہ کریں گے۔ میڈیا پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق صادق خان کا کہنا تھا، ’’ لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے اور صرف ان کے عقیدے یا پھر کسی ملک میں پیدا ہونے کی وجہ سے نشانہ بنانا ایک ظالمانہ اور متعصبانہ رویہ ہے۔‘‘
اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی سے تعلق اور گزشتہ برس لندن کے میئر منتخب ہونے والے خان کا وزیر اعظم ٹریزا مے سے کہنا تھا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کو اس وقت تک منسوخ کر دینا چاہیے، جب تک مسلمانوں پر سفری پابندی ختم نہیں کی جاتی۔
دوسری جانب گزشتہ روز برطانیہ بھر میں امریکی صدر کے طے شدہ دورہ برطانیہ اور سات مسلم ممالک کے شہریوں پر ویزہ پابندی عائد کرنے کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ برطانیہ میں امریکی صدر کے دورے کے خلاف ایک آن لائن پٹیشن بھی دائر کی گئی ہے، جس پر اب تک سولہ لاکھ سے زائد برطانوی شہری دستخط کر چکے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی صدر کے اس دورے سے متعلق بیس فروری کو برطانوی پارلیمان میں باقاعدہ بحث کی جائے گی کیوں کہ برطانوی پارلیمان میں ہر اس پیٹیشن پر بحث ہوتی ہے، جس پر دس لاکھ سے زائد افراد دستخط کر دیتے ہیں۔ اسی روز اس دوسری پٹیشن پر بھی بحث کی جائے گی، جس میں اس دورے کے حق میں 10 لاکھ سے زائد برطانوی شہریوں نے دستخط کر دیے ہیں۔
برطانیہ کی وزارت خارجہ کے ایک سابق سربراہ پیٹر ریکیٹس کا مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ مجھے حیرت ہوئی ہے کہ ٹرمپ کو اتنی جلدی سرکاری دورے کی دعوت دے دی گئی ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ملکہ برطانیہ کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو ملکہ برطانیہ کے لیے امریکی صدر کا استقبال کرنا مشکل ہو جائے گا۔
ان کے مطابق بہتر یہ ہوتا کہ ٹرمپ کو ’اسٹیٹ وزٹ‘ کی بجائے ’آفیشل وزٹ‘ کا درجہ دیا جاتا۔ برطانیہ میں ’اسٹیٹ وزٹ‘ کرنے والے مہمانوں کو خصوصی پروٹوکول ملتا ہے اور ایسے مہمانوں کا استقبال برطانوی ملکہ بھی کرتی ہیں۔