1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ہم یہاں نہیں مرنا چاہتے‘، طالبان کے یرغمالیوں کی ویڈیو

علی کیفی روئٹرز، ڈی پی اے
12 جنوری 2017

افغان طالبان نےایک آسٹریلوی اور ایک امریکی یرغمالی کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ان دونوں نے امریکی حکومت سے اپنی رہائی کے لیے قیدیوں کے تبادلے کی شرط تسلیم کر لینے سمیت تمام ممکنہ کوششیں کرنے کی اپیل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2VgD4
Afghanistan Enführter Lehrer Timothy Weekes
ویڈیو میں ساٹھ سالہ امریکی پروفیسر کیوین کِنگ کی داڑھی بڑھی ہوئی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

آسٹریلیا کے ٹیموتھی وِیکس اور اُن کے امریکی ساتھی کیوین کنگ افغان دارالحکومت کابل کی امریکی یونیورسٹی میں اُستاد تھے، جہاں سے طالبان کے مسلح عسکریت پسندوں نے، جو پولیس کی وردی پہنے ہوئے تھے، اُنہیں گزشتہ سال اگست میں اغوا کر لیا تھا۔ کابل کی امریکی یونیورسٹی نے، جو پہلے بھی متعدد مرتبہ طالبان کے حملوں کا نشانہ بن چکی ہے، 2006ء میں کام شروع کیا تھا اور آج کل اس میں ایک ہزار سات سو سے زائد طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

دونوں یرغمالی پروفیسروں کی بدھ گیارہ جنوری کو یُو ٹیوب پر جاری کی جانے والی ویڈیو آسٹریلوی یرغمالی وِیکس کے بقول یکم جنوری کو ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں دونوں کی داڑھیاں بڑھی ہوئی ہیں اور اُنہوں نے اپنے اپنے اہلِ خانہ پر زور دیا ہے کہ وہ اُن کی رہائی کے لیے امریکی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ وِیکس نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ کہا:’’مَیں یہاں نہیں مرنا چاہتا۔ اگر ہم زیادہ دیر تک یہاں رہے تو ہمیں مار دیا جائے گا، میں اکیلا ہوں اور میں خوفزدہ ہوں۔‘‘ وِیکس نے کہا، اُسے ڈر ہے کہ وہ اپنی ماں کو نہیں دیکھ سکے گا، جو بیمار ہے اور ہسپتال میں ہے۔

Afghanistan Enführter Lehrer Timothy Weekes
آسٹریلوی شہری ٹیموتھی وِیکس کی یہ تصویر گیارہ جنوری کو ریلیز ہونے والی ویڈیو سے لی گئی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو، جو بیس جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالنے والے ہیں، مخاطب کرتے ہوئے وِیکس نے کہا کہ طالبان اُن کی رہائی کے بدلے میں بگرام ایئر فیلڈ اور کابل کے نواح میں واقع پُلِ چرخی جیل سے اپنے ساتھیوں کی رہائی چاہتے ہیں:’’طالبان کا کہنا ہے کہ اُن کے ساتھیوں کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا جا رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بدلے اُنہیں رہا کر دیا جائے۔ اگر یہ تبادلہ عمل میں نہ آیا تو ہمیں ہلاک کر دیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ سر، پلیز، ہم آپ سے کہتے ہیں، پلیز، یہ آپ کے ہاتھوں میں ہے، براہِ کرم طالبان کے ساتھ مذاکرات کریں۔ آپ نے ان کے ساتھ بات چیت نہ کی تو ہمیں ہلاک کر دیا جائے گا۔‘‘

امریکی شہری کِنگ نے اس ویڈیو میں کہا ہے:’’ہم خیریت سے ہیں لیکن ہم گھر جانا چاہتے ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ طالبان کب تک ہمارے حوالے سے صبر کا مظاہرہ کریں گے۔‘‘

Amerikanische Universität in Afghanistan
کابل کی امریکی یونیورسٹی نے، جو پہلے بھی متعدد مرتبہ طالبان کے حملوں کا نشانہ بن چکی ہے، 2006ء میں کام شروع کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/J. Jalali

گزشتہ سال ستمبر میں امریکی محکمہٴ دفاع نے بتایا تھا کہ امریکی فورسز نے ان یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک مقام پر چھاپہ مارا تھا تاہم یہ لوگ وہاں موجود نہیں تھے۔ اُدھر آسٹریلوی حکومت نے اس ویڈیو پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیموتھی وِیکس کے اہلِ خانہ کو ضروری امداد و مشاورت فراہم کی جا رہی ہے اور یہ کہ بہرحال حکومت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ان یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

تیرہ منٹ پینتیس سیکنڈز دورانیے کی یہ ویڈیو، جس کی نہ تو ابھی آزاد ذرائع سے تصدیق ہو سکی ہے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے کہ یہ کہاں بنائی گئی، ان دونوں کے یرغمال بنائے جانے کے بعد سے ان دونوں کے ابھی تک زندہ ہونے کا پہلا ثبوت ہے۔ یہ ویڈیو طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔