1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان مہاجرین کی جرمنی سے ملک بدری کا آغاز

صائمہ حیدر
14 دسمبر 2016

جرمنی اور کابل حکومت کے مابین طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت آج بروز بدھ مورخہ چودہ اکتوبر کو ایسے افغان مہاجرین کے پہلے گروپ کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2UF9S
Deutschland Hamburg Proteste gegen Abschiebung von afghanischen Flüchtlingen
 جرمنی میں حالیہ ہفتوں میں کئی سو افغان مہاجرین نے اپنی وطن واپسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیںتصویر: DW/B. Rasin

جرمن خبر رساں جریدے ’ڈیئر شپیگل‘ نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ افغان مہاجرین کو آج فرینکفرٹ سے کابل کے لیے بذریعہ ہوائی جہاز روانہ کیا جا رہا ہے جہاں سے اُنہیں اُن کے آبائی علاقوں میں اُسوقت بھیجا جائے گا جب وہ معقول حد تک محفوظ ہو چکے ہوں گے۔

  'ڈیئر شپیگل‘ کے مطابق افغان مہاجرین کے دوسرے گروپ کی کابل واپسی کے لیے اگلا طیارہ پہلے ہی جنوری کے آغاز میں روانہ کرنے کے لیے چارٹر کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اور اس سال مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور دیگر ممالک سے جرمنی پہنچنے والے تارکینِ وطن کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے۔

بڑے پیمانے پر  اِن مہاجرین کی جرمنی آمد سے نہ صرف سکیورٹی اور جرمن معاشرے میں اِن کے انضمام سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا بلکہ اے ایف ڈی جیسی مہاجرین مخالف جماعتوں کی حمایت بھی بڑھتی ہوئی نظر آئی۔ جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت و تارکینِ وطن کے اعداد وشمار کے مطابق سن 2016 میں جرمنی آنے والے مہاجرین میں شامی پناہ گزینوں کے بعد سب سے زیادہ تعداد افغان شہریوں کی رہی۔

Deutschland München Proteste gegen Abschiebung von afghanischen Flüchtlingen
ایک رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت بارہ ہزار سے زائد افغانوں کو جلد ہی ان کے وطن واپس بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہےتصویر: DW/M. Ebrahimi

 جرمن وزارتِ داخلہ کی ایک ترجمان نے مہاجرین کی افغانستان واپسی کے حوالے سے تاریخ کی تصدیق ابھی نہیں کی ہے تاہم اُنہوں نے یہ ضرور کہا ہے کہ اس  سال کے آخر تک ایک پرواز کابل روانہ کی جائے گی لیکن احتیاط کے پیشِ نظر اس حوالے سے پیشگی  تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ جرمن وزارتِ داخلہ کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ افغان مہاجرین کی ملک بدری امسال اکتوبر میں کابل حکومت کے ساتھ طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت کی جا رہی ہے۔

 جرمنی میں حالیہ ہفتوں میں کئی سو افغان مہاجرین نے اپنی وطن واپسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت بارہ ہزار سے زائد افغانوں کو جلد ہی ان کے وطن واپس بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ابھی تک افغانستان میں زندگی محفوظ نہیں ہے اور اسی باعث کئی خاندان اپنے کم سن بچوں کے ہمراہ جانیں بچانے کے لیے یورپ تک کا سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو نے بھی مہاجرین کے حوالے سے اپنی پالیسی پر پہلے کی نسبت سخت موقف اختیار کیا ہے۔