1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک بن گئے

عابد حسین
22 جون 2017

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کا درجہ دے دیا ہے۔ اس طرح اب ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کی تعداد پوری ایک درجن ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2fD54
Cricket - Afghanistan vs Westindien
تصویر: Getty Images/AFP/R. Brooks

افغانستان اور آئرلینڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ایک اجلاس میں مکمل رکن ملکوں کی حیثیت دے دی۔ آج جمعرات بائیس جون کو لندن میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے  خصوصی اجلاس میں مکمل رکنیت کے حامل دس ملکوں نے متفقہ طور پر ان دونوں اقوام کو ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ دینے کی تجویز منظور کر لی۔ اس پیش رفت کے بعد اب یہ دونوں ملک کرکٹ کے پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس کے اوائل میں اس بات کا اصولی فیصلہ کیا تھا کہ ان ملکوں نے ’ٹیسٹ اسٹیٹس‘ حاصل کرنے کے لیے جملہ شرائط پوری کر لی ہیں۔ اُسی وقت طے کیا گیا تھا کہ لندن اجلاس میں مزید چھان بین کے بعد ان ملکوں کی حتمی حیثیت کا تعین کیا جائے گا۔ دو عشرے قبل بنگلہ دیش کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ کسی ملک کو کرکٹ کے اس اہم اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

Kevin O' Brien Cricket
آئرش کرکٹ ٹیم کے مشہور کھلاڑی کیون او برائن فیلڈنگ کرتے ہوئےتصویر: AP

اس طرح اب براعظم ایشیا میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان  ایسے پانچ ملک ہیں جو کرکٹ کے کھیل کے عالمی ادارے کے مستقل رکن ہیں۔ یورپ میں انگلستان کے علاوہ آئرلینڈ کو بھی اب یہ درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ براعظم افریقہ میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے آئی سی سی کے مکمل رکن ہیں جبکہ بحیرہء کیریبیئن کے مختلف جزائر پر مشتمل ایک ٹیم بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلتی ہے، جو ویسٹ انڈیز کہلاتی ہے۔ اُدھر پیسیفک میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک ہیں۔