1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں قیام امن، پاکستانی وزیراعظم کا دورہ قطر

5 فروری 2012

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کے سلسلے میں اگلے ہفتے قطر کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ایک اعلیٰ پاکستانی عہدیدار کے مطابق اس دورے میں گیلانی قطر کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/13xLP
تصویر: AP

پاکستانی وزرات خارجہ نے تو فی الحال اس دورے کی تفصیلات نہیں بتائی مگر ایک سینیئر عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس دورے میں مرکزی حیثیت افغانستان میں قیام امن اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کو حاصل رہے گی۔ اس عہدیدار کے مطابق یہ دورہ اگلے ہفتے شیڈیول کیا گیا ہے۔

امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کے وقت افغانستان پر طالبان کی حکومت تھی، تاہم سن 2001ء میں امریکی حملے کے بعد طالبان حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔ گزشتہ ماہ طالبان کی جانب سے قطر میں ایک سیاسی دفتر کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ امریکہ کی جانب سے بھی طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ اس دفتر کے قیام پر افغان صدر حامد کرزئی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ کرزئی کا کہنا تھا کہ انہیں افغانستان میں قیام امن کے لیے تمام گروپوں سے مذاکرات پر اتفاق ہے تاہم اس دفتر کے قیام کے حوالے سے افغان حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ لیکن کرزئی نے بعد میں اس دفتر کے قیام پر اپنی رضامندی کا اظہار بھی کر دیا تھا۔ اس تناظر میں گزشتہ ماہ افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب مارک گراسمین نے کابل کا دورہ بھی کیا تھا۔

Hina Rabbani Khar
پاکستانی وزیرخارجہ نے طالبان سے روابط کی تردید کی تھیتصویر: picture alliance/dpa

واضح رہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں ایک عرصے سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔ افغان حکومت الزام عائد کرتی ہے کہ پاکستان طالبان عسکریت پسندوں کی معاونت کرتا ہے جبکہ پاکستان ایسے الزام کو بے بنیاد قرار دیتا آیا ہے۔ بدھ کے روز پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی ایک مرتبہ پھر ایسے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا کہ جب نیٹو کی ایک لیک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ادارے طالبان عسکریت پسندوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں تاکہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد وہاں طالبان دوبارہ غلبہ حاصل کر لیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: عابد حسین