1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: گیس پلانٹ میں دھماکہ، پانچ افراد ہلاک

8 فروری 2010

اتوار کے روز امریکی ریاست کونیکٹیکٹ کے علاقے مڈل ٹاؤن میں گیس پلانٹ میں دھماکے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کا جھٹکا کئی میل دور تک محسوس کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/LvIp
تصویر: AP

یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں یہ زیرتعمیر گیس پلانٹ اور قریب واقع ایک عمارت منہدم ہوگئے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والون کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثے کے وقت اس پلانٹ میں کتنے افراد موجود تھے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو قریب واقع مڈل ٹاؤن ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پلانٹ میں موجود کارکن گیس پائپ لائن پرکام میں مصروف تھے کہ یہ لائن ایک دھماکے سے پھٹ گئی۔ مڈل ٹاؤن کے میئر Sebastian Giulianoکے مطابق : ’’ فی الحال صرف یہ معلوم ہے کہ اس واقعے میں بارہ افراد زخمی ہوئے جبکہ پانچ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔‘‘ Sebastian Giuliano نے اس واقعے میں کسی دہشت گردانہ عنصر کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ پائپ لائن کی جانچ کے عمل کے دوران پیش آیا۔

اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد کے بارے میں متضاد خبروں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی رپورٹوں میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس حادثے میں تقریبا پچاس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حادثے کے فورا بعد مڈل ٹاؤن ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس حادثے میں ’’بڑی تعداد‘‘ میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت اس پلانٹ میں سو سے دو سو افراد موجود تھے۔

میئر کے مطابق : ’’خوش قسمتی سے جب اس پائپ کی جانچ کا کام شروع کیا گیا تو تقریبا تمام مزدور پلانٹ سے باہر چلے گئے۔ چھ سو بیس میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس منصوبے کو کئی برس قبل شروع کیا گیا تھا اور یہ ابھی تک تعمیری مرحلے ہی میں تھا۔ کلین اینرجی نامی یہ پلانٹ دریائے کونیٹیکٹ پر تعمیرکیا جارہا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق