1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی حملوں سے جمہوریت کو نقصان ہو گا: زرداری

16 ستمبر 2008

پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم نے ملاقات میں اتفاق ظاہر کیا ہے کہ پاکستانی قبائلی علاقوں پر امریکی حملے جمہوریت کے لئےسود مند نہیں ہونگے۔

https://p.dw.com/p/FJN8
تصویر: AP

لندن کی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر واقع برطانوی وزیر اعظم براؤن کی سرکاری رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً پونے تین گھنٹے تک جاری رہی۔ جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ انتہا پسندی ختم کرنے کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی صدر آصف زرداری نے گورڈن براؤن سے اپنی ملاقات کو اطمینان بخش قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کی صورتحال سے آگاہ ہے اور اس سلسلے میں لندن، اسلام آباد سےاپنا تعاون جاری رکھے گا۔ آصف زرداری نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی انہیں پر مبارکباد بھی دی۔

پاکستانی صدر نے کہا کہ گورڈن براﺅن سے ملاقات میں دہشت گردی، پاک امریکہ روابط اور برطانیہ کے ساتھ تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان کے قبائلی علاقوں پر امریکی حملوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستانی علاقوں پر امریکی حملے فائدہ مند ثابت نہیں ہوں گے اور برطانیہ بھی یہی سمجھتا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔