1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اندرا گاندھی کے قتل کے تیس برس

عاطف توقیر31 اکتوبر 2014

بھارتی صدر پرنب مکھرجی، نہرو-گاندھی خاندان کے ارکان اور کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے جمعے کے روز سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی 30 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

https://p.dw.com/p/1Df15
تصویر: picture-alliance/KPA

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کے روز اس یادگاری تقریب میں کوئی بھارتی وزیرموجود نہیں تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق 31 اکتوبر 1984ء کو اپنے ایک سکھ محافظ کی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہو جانے والی اندرا گاندھی کی سالانہ یادگاری تقریب کی بابت یہ پہلا موقع تھا کہ کسی حکومتی عہدیدار نے اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔

اس موقع پر تاہم ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا، ’میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو یاد کر رہا ہوں۔‘

قتل کی تین دھائیاں گزر جانے کے بعد بھی بھارت کی سیاست پر ’فولادی خاتون‘ کہلانے والی اندرا گاندھی کے اثرات موجود ہیں، تاہم اس بابت ایک طرف تعریف و توصیف سننے کو ملتی ہے، تو دوسری طرح تنقید بھی۔ کچھ بھارتی حلقے انہیں ایک دوراندیش سیاست دان تسلیم کرتے ہیں تاہم دوسری جانب ان کے ناقدین انہیں اقتدار کی ہوس کی شکار خاتون بھی قرار دیتے ہیں۔

Indira Gandhi Indien Ex-Premierministerin Archibild 1971
اندرا گاندھی کو بھارت کی آہنی خاتون بھی کہا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/united archives

بھارتی تاریخ کی واحد خاتون وزیراعظم اندرا گاندھی نے ملکی اقتدار اس وقت سنبھالا تھا، جب بھارت کو متعدد طرح کے شدید مسائل کا سامنا تھا۔ سکھوں کی علیحدگی پسند تحریک کچلنے کے لیے ان کی کوشش شروع ہوئی، تو اس کا نتیجہ ان کی ایک اپنے ہی سکھ محافظ کے ہاتھوں قتل کی صورت میں نکلا۔ تاہم اس کے بعد سکھوں کے خلاف ایک بڑا اور خونریز آپریشن کیا گیا، جس میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں۔

اندراگاندھی بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے ہاں نو نومبر 1917ء کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ایک انتہائی پرجوش سیاسی ماحول کے ساتھ ساتھ برطانوی نوآبادیات کے خاتمے کے لیے ہندوستان میں جاری آزادی کی تحریک کا مشاہدہ بھی کیا۔ سن 1956ء میں انہیں کانگریس پارٹی کی صدر منتخب کیا گیا۔ ان کے شوہر فیروز گاندھی 1960ء میں جب کہ والد جواہر لال نہرو 1964ء میں انتقال کر گئے، تو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے حیثیت سے خدمات انجام دینے والی اندرا گاندھی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوئیں۔ سن 1971ء میں پاکستان کے خلاف جنگ میں کامیابی اور پاکستان کے دو لخت ہونے پر ملک میں اندرا گاندھی کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا۔