1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹھارہ شادياں کرنے والا جعلی بھارتی ڈاکٹر گرفتار

21 فروری 2022

بھارت ميں 67 سالہ بیبھو پرکاش سوين کو حراست ميں لے ليا گيا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ اٹھارہ لڑکيوں کو محبت کے جال ميں پھنسا کر ان سے شادياں کر چکا ہے۔ کئی ماہ کی کوششوں کے بعد حکام نے اسے حال ہی ميں گرفتار کيا۔

https://p.dw.com/p/47NAL
Indien Kultur Religion l Traditionelle Hochzeit
تصویر: Debajyoti Chakraborty/NurPhoto/picture alliance

بیبھو پرکاش سوين شادی کے ليے رشتے تلاش کرنے والی ويب سائٹس پر اپنی عمر 51 برس بتايا کرتا تھا۔ پوليس کے مطابق ملزم جعلی دستاويزات دکھا کر اور بہت زیادہ تنخواہ کا دعویٰ کر کے لڑکيوں کو اپنے جال ميں پھنساتا تھا۔ سوين ايسا جنسی تسکين اور مالی فائدے کے ليے کرتا تھا۔

جرمن خاتون کی گھر میں پرنٹ کردہ نوٹوں سے گاڑی خریدنے کی کوشش

اڑتيس سال قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی باقيات دريافت

تنخواہ نہ ملنے پر ملازم نے اپنے ہاتھوں سے کھڑی کردہ عمارت تباہ کر ڈالی

سینیئر پوليس اہلکار سنجيو ستپاٹھی نے بتايا کہ ملزم ان عورتوں کو ہدف بناتا تھا، جو مالی اعتبار سے کامياب اور خود مختار ہوں اور جن کی عمريں چاليس برس کے قریب ہوں۔ شادی کے کچھ روز بعد وہ بہانے بنا کر ان خواتين سے رقوم اور زيورات حاصل کر ليتا تھا۔ پھر وہ اس جگہ یا شہر سے فرار ہو کر اپنے اگلے ہدف کی تلاش شروع کر دیتا تھا۔ تفتيش کاروں نے اس کے فون کا معائنہ کيا تو پتا چلا کہ اس نے اپنی مختلف بيويوں کے نام ان شہروں يا مقامات کے ناموں سے محفوظ کر رکھے تھے، جہاں اس نے ان سے شادیاں کی تھیں۔ مثال کے طور پر ميڈم آسام، ميڈم يو پی اور ميڈم دہلی۔ بیبھو پرکاش سوين پورے بھارت ميں ايسی کارروائياں کر چکا ہے اور شبہ ہے کہ اس نے اٹھارہ شادياں کیں۔

پوليس نے بیبھو پرکاش سوين کے خلاف تفتيش گزشتہ برس مئی ميں شروع کی، جب ايک اڑتاليس سالہ عورت نے شکايت درج کرائی۔ مذکورہ خاتون کو حادثاتی طور پر پتا چل گيا تھا کہ بیبھو پرکاش سوين کی پہلے ہی سات شادياں ہو چکی ہيں۔ اس خاتون نے خاموشی سے اس کی تمام دیگر بيوياں کے ٹيلی فون نمبر حکام کے حوالے کر ديے اور پوليس نے ان سب سے انفرادی طور پر بات کی اور تفتيش کو آگے بڑھايا۔ ملزم کو حال ہی ميں گرفتار کيا گيا، جب پوليس کو پتا چلا کہ وہ فروری اور پھر مارچ ميں مزيد دو شادياں کرنے والا تھا۔

بیبھو پرکاش سوين کی پيدائش بھارت کی مشرقی رياست اڑيسہ ميں ايک چھوٹے سے گاؤں کی ہے۔ اس نے پہلی شادی سن 1978 ميں کی تھی اور پہلی بيوی سے اس کے تين بچے ہيں۔ پيشے کے اعتبار سے وہ ايک ليبارٹری ٹيکنيشن ہے۔ اپنے خاندان کو چھوڑنے کے بعد وہ شروع ميں بھوبھینيشور منتقل ہو گيا تھا اور وہاں اس نے خود کو ڈاکٹر اور پروفيسر بتانا شروع کر ديا تھا۔

'ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بیبھو پرکاش سوين نے دس رياستوں ميں مجموعی طور پر ستائيس خواتين سے شادیاں کیں۔ اس کا قد پانچ فٹ دو انچ ہے۔ اس پر تيرہ بينکوں کے ساتھ فراڈ کرنے اور لگ بھگ دس ملين روپے کی جعلسازی کا الزام بھی ہے۔ وہ ميڈيکل ليبارٹريوں کی ايک چين بھی چلايا کرتا تھا، جس ميں ملازمت کرنے والے کئی ڈاکٹر اور عملے کے ديگر ارکان کئی کئی ماہ تک تنخواہوں سے محروم رہتے تھے۔

بھارتی شادياں محدود پيمانے پر مگر شان و شوکت برقرار

ع س / م م (اے ایف پی)