1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبٹ آباد آپریشن: جنرل وائیں کا دورہء امریکہ منسوخ

13 مئی 2011

پاکستانی مسلح افواج کے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل خالد شمیم وائیں نے آج جمعہ کو اپنا امریکہ کا وہ دورہ منسوخ کر دیا، جو انہیں اس مہینے کی 22 سے لے کر 27 تاریخ تک کرنا تھا۔

https://p.dw.com/p/11FPR
تصویر: dapd

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اعلیٰ فوجی حکام نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں دو مئی کو دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فوجی کمانڈوز نے جو یکطرفہ کارروائی کی تھی، اس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں اس وقت جو ماحول پایا جاتا ہے، یہ دورہ اسی ماحول کے تناظر میں منسوخ کیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے ایک سینئر آفیسر نے فرانسیسی خبر ایجنسی AFP کو بتایا کہ جنرل خالد شمیم وائیں نے اپنے امریکی ہم منصب عہدیدار ایڈمرل مائیک مولن سے رابطہ کر کے انہیں آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اس ماہ کی22 تاریخ سے اپنے مجوزہ دورے پر امریکہ نہیں جائیں گے۔ جنرل وائیں کا یہ دورہ چند ماہ پہلے سے طے شدہ تھا اور اس کے لیے پاکستانی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو سرکاری طور پر دعوت ایڈمرل مائیک مولن نے دی تھی۔

Pakistanischer Armeechef Ashfaq Kayani
پاکستانی فوج کے سربراہ پرویز کیانیتصویر: AP

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج کے اس اعلیٰ اہلکار نے مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر بس اتنا ہی کہا کہ جنرل وائیں نے ٹیلی فون پر ایڈمرل مولن کو بتا دیا ہے کہ وہ امریکہ نہیں آ رہے۔

پاکستان میں سول حکومت کو اس عوامی مطالبے کی وجہ سے مسلسل بڑھتے ہوئے داخلی دباؤ کا سامنا ہے کہ اسلام آباد کو ملکی سرزمین پر بن لادن کے خلاف امریکی کمانڈوز کی یکطرفہ کارروائی پر واشنگٹن کو سزا دینی چاہیے۔ اس پس منظر میں اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے کل جمعرات کو یہ کہا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے ساتھ اپنے تعاون پر نئے سرے سے غور کرے گی۔

Mike Mullen
ایڈمرل مائیک مولنتصویر: picture-alliance/ dpa

یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پاکستانی حکومت کے اس بیان کا مقصد امریکہ کو کوئی دھمکی دینا تھا۔ لیکن اس بیان سے کم ازکم یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکی سینیٹ کے رکن جان کیری کو واشنگٹن اور اسلام آباد کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے کتنا مشکل فریضہ انجام دینا ہوگا۔ سینیٹر جان کیری ان دنوں اپنے پاکستان کے ایک نئے دورے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ پاکستان اور امریکہ کے آپس میں ایک دوسرے کے اتحادی ہونے کے باوجود دوطرفہ روابط میں پائے جانے والے شدید دباؤ اور کھنچاؤ کو ختم کرتے ہوئے ان میں بہتری لائی جا سکے۔

واشنگٹن حکومت یہ اعتراف کر چکی ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی بحریہ کے خصوصی کمانڈوز کے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن سے متعلق اسلام آباد کو تب تک دانستہ طور پر کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی، جب تک کہ یہ کمانڈوز بن لادن کو ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش کے ساتھ اپنے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دوبارہ پاکستان کی فضائی حدود سے باہر نہیں چلے گئے تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں