1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشین ہاکی چیمپئن شپ: پاکستان چیمپئن

28 دسمبر 2012

خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلی جانے والی ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/17A8J
تصویر: PAUL CROCK/AFP/Getty Images

ایشین ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل میچ دوحہ کے الریان اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جمعرات کی شام کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بھارت کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی۔ پاکستان نے پانچ اور بھارتی ٹیم نے چار گول کیے۔ پاکستان کے شفقت رسول نے ایک جبکہ محمد وقاص اور کپتان محمد عمران نے دو دو گول کیے۔ اسی ماہ کے اوائل میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی ہاکی کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس طرح ایک ہی ماہ کے دوران گرین شرٹس دوسری مرتبہ میڈل اسٹیج تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔

Australien Hockey Champions Trophy in Melbourne Pakistan
پاکستان کی ہاکی ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہےتصویر: AP

ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میچ کی رفتار پہلے منٹ سے ہی تیز دکھائی دی۔ پاکستان کی جانب سے میچ کے ساتویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر محمد وقاص نے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کے لیے برتری حاصل کر لی۔ بھارت نے پاکستانی سبقت کو دو ہی منٹ بعد برابر کر دیا۔ بھارت کی جانب سے یہ گول ایس وی سُنیل نے کیا۔ بھارتی ٹیم وقفے پر ایک گول سے جیت رہی تھی۔ بھارت کی جانب سے دوسرا گول رگھوناتھ نے کیا۔

فائنل کے دوسرے ہاف میں کھیل کی رفتار پہلے ہاف سے بھی زیادہ تیز تھی۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر بار بار حملے کرنے کے لیے پہنچ رہی تھیں۔ اسی دوران میچ کے 42 ویں منٹ میں شفقت رسول نے پاکستان کی طرف سے دوسرا گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے تیسرا گول محمد عمران نے کیا اور اس گول کی برتری کو تھوڑی ہی دیر بعد بھارت ٹیم کےگُرویندر سنگھ چندی نے گول کر کے ختم کر دیا۔ اس طرح یہ میچ پھر سے تین تین گول سے برابر ہو گیا۔ پاکستان نے 57 ویں منٹ میں دوبارہ برتری حاصل کی۔ محمد وقاص کے گول سے حاصل ہونے والی سبقت کو رُوپندر پال سنگھ نے دو منٹ بعد ہی برابر کر دیا۔ چونسٹھویں منٹ میں محمد عمران نے ایک پنلٹی کارنر کو پانچویں گول میں تبدیل کر دیا اور یہی گول انجام کار پاکستانی ٹیم کی فتح کا باعث بنا۔ اس ٹورنامنٹ میں محمد وقاص نے گیارہ گول کیے اور وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

Pakistan Hockey Team Spieler Shakeel Abbas
ایک ہی ماہ کے دوران گرین شرٹس دوسری مرتبہ میڈل اسٹیج تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیںتصویر: Tariq Saeed

میچ میں تمام وقت تیزی اور جذباتیت حاوی رہی اور اسی باعث آخری منٹوں میں ناپسندیدہ اور متنازعہ صورت حال بھی پیدا ہو گئی۔ ریفری کی جانب سے پنلٹی کارنر نہ دیے جانے پر بھارتی ہاکی ٹیم ریفری کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً میچ کو ادھورا چھوڑ کر باہر چلی گئی۔ ٹورنامنٹ آفیشلز اور بھارتی ٹیم کی انتظامیہ کے درمیان ہونے والی مشاورت کے بعد جب ٹیم واپس میدان میں لوٹی تو میچ ختم ہونے میں دو منٹ باقی تھے۔ پاکستانی ٹیم نے یہ وقت اپنے پانچویں گول کا دفاع کر تے ہوئے گزارا۔

بھارتی ٹیم کو فائنل میچ سے قبل ملائشیا کی ٹیم کے ہاتھوں بھی دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہارنا پڑا تھا۔ ملائشیا ہی کی ٹیم نے چین کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ تیسری پوزیشن کے لیے میچ میں ملائشیا نے تین اور چین نے ایک گول کیا۔ ایشین چیمپئن شپ میں کل چھ ٹیمیں شریک تھیں۔

(ah / mm (PTI