1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’این آر ڈبلیو‘ ڈے اور جرمنی کے دوبارہ اتحاد کی تقریبات

2 اکتوبر 2011

جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے ساتھ ساتھ اس وقت بون شہرمیں صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ دونوں تقریبات ایک ساتھ منائے جانے کے حوالے سے شہر بھر میں مختلف اداروں نے اسٹالز لگائے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12kSy
تصویر: AP

اس وقت بون شہر ایک تہوار کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔ یکم سے تین اکتوبر تک بون میں دو تاریخی دن منائے جا رے ہیں۔ ایک جرمنی کا دوبارہ اتحاد اور دوسرا ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا یعنی ’این آر ڈبلیو‘کی 65 ویں سالگرہ کا دن۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ دونوں دن ایک ساتھ منائے جا رہے ہیں۔ یکم سے شروع ہونے والی یہ تقریبات جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے دن یعنی تین اکتوبر تک جاری رہیں گی۔

 صوبے کی وزیراعلی ہانیلورے کرافٹ نے ہفتے کے روز این آر ڈبلیو ڈے کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آج اتوارکے روز بھی ان تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آج مرکزی حیثیت بچوں کے لیے تیار کیے گئے ایک پروگرام کو حاصل رہے گی، جس کا افتتاح جرمن صدر کرسٹیان وولف کر یں گے۔

نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کا قیام 65 سال قبل 23 اگست 1946ء کو  ہوا تھا۔ یہ آبادی کے لحاظ سے جرمنی کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ ملک کے دس بڑوں شہروں میں سے چار اسی صوبے میں ہیں۔ ساتھ ہی اقتصادی حوالے سے بھی اسے خاص اہمیت حاصل ہے۔

ویک اینڈ پر موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے توقع ہے کہ آج ہونے والی مختلف تقریبات میں شرکت اور لگائے گئے اسٹالز کو دیکھنے کے لیے تقریباً دو لاکھ افراد شہر کا رخ کریں گے۔

 بون شہر میں مرکزی حیثیت تین اکتوبر کو ہونے والی تقریبات کو حاصل رہے گی، جن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، صدر کرسٹیان وولف، پارلیمان کے اسپیکر ٹوربرٹ لیمرٹ، صوبے کی وزیر اعلی ہانیلورےکرافٹ کے علاوہ آئینی عدالت کے آندریاس فوسکوہلے کی شرکت متوقع ہے۔

 

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل