1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈیلیڈ ٹیسٹ، کلارک اور پونٹنگ کی شاندار بیٹنگ

24 جنوری 2012

بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پونٹنگ اور کلارک کی سنچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے 335 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13ol4
آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارکتصویر: AP

ایڈیلیڈ شہر میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میج کے پہلے دن کی خاص بات آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور رکی پونٹنگ کی بیٹنگ تھی۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر کلارک 140 جبکہ رکی پونٹنگ 137 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے موافق وکٹ پر کھیل کے پہلے سیشن میں ہلکی پھلکی گھاس کے باعث تیز بولروں کو مدد ملی جبکہ دوسرے اور تیسرے سیشن میں یہ وکٹ بلے بازی کے لیے مزید بہتر ہو گئی۔

مہیندر سنگھ دھونی کی عدم موجودگی میں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کے کپتان وریندر سہواگ نے پہلے دن کے پہلے سیشن کے دوران اپنے بولرز کا اچھا استعمال کیا۔ انہوں نے اسپن بولر روی ایشوین کو میچ کے چوتھے اوور میں ہی گیند دے دی، جنہوں نے آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ایڈ کاوَن کو باندھ کر رکھ دیا۔ اسی دباؤ کے نتیجے میں ڈیوڈ وارنر کھل کر نہ کھیل سکے اور ظہیر خان کی ایک عمدہ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

Flash-Galerie Ricky Ponting
رکی پونٹنگ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی اکتالیسویں سنچری بنائی اور ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے تیرہ ہزار رنز بھی مکمل کیےتصویر: AP

ایشوین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ جاری رکھا اور پہلے سیشن کے دوران آسٹریلیا کی مزید دو وکٹیں گرا دیں۔ شین مارش ایشون کی ایک گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ کاوَن لکشمن کو کیچ دے بیٹھے۔ مارش نے تین جبکہ کاوَن نے تیس رنز بنائے۔ کھیل کے پہلے سیشن میں آسٹریلیا کے تین کھلاڑی صرف 84 رنز پر آؤٹ ہو گئے تو بظاہر بھارت کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی تھی۔

لنچ کے بعد رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک کی شراکت نے بھارتی بولروں کی ایک نہ چلنے دی۔ دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے گراؤنڈ کے اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور پہلے دن کے اختتام تک چوتھی وکٹ کی شراکت میں 251 کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کر لی۔

رکی پونٹنگ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی اکتالیسویں سنچری بنائی اور ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے تیرہ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔ پونٹنگ نے 254 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تیرہ چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے ہیں جبکہ مائیکل کلارک نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی انیسویں سنچری بنائی۔ انہوں نے 188 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چھکے اور انیس چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنا لیے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہو چکی ہے۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں میزبان ٹیم نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں شکست یا ڈرا ہونے کے باوجود آسٹریلوی ٹیم بارڈر گواسکر ٹرافی اپنے نام کر چکی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں