1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

بائیڈن دور میں امریکہ، اتحادیوں کے قدم مضبوط ہوئے، سلیوان

13 جنوری 2025

چار سال قبل جب امریکہ میں جو بائیڈن صدر بنے تھے، تو ان کی اولین ترجیح امریکہ کے اس کے اتحادیوں کے ساتھ ان تعلقات میں دوبارہ بہتری تھی، جو بائیڈن کے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ کی چار سالہ صدارت کے دوران شدید دباؤ کا شکار رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/4p6kU
عنقریب اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن
عنقریب اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈنتصویر: Ben Curtis/AP/picture alliance

ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن کے وائٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد ان کی قیادت میں امریکہ نے ایک مختلف خارجہ پالیسی اپنائی تھی اور مقصد یہ تھا کہ واشنگٹن اور امریکہ کے اتحادیوں کے باہمی روابط میں اس کھچاؤ اور ٹوٹ پھوٹ کا تدارک کیا جائے، جو بائیڈن کے پیش رو ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار کی پہلی چار سالہ مدت کے دوران ان کی ''سب سے پہلے امریکہ‘‘ کے نعرے کے ساتھ کی جانے والی سیاست کا نتیجہ تھے۔

ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اس کی جوہری ہتھیار سازی روک سکتے ہیں، انٹونی بلنکن

جب بائیڈن صدر بنے، تو دنیا کو کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا تھا۔ مثلاﹰ کورونا وائرس کی ''صدی کی بدترین عالی وبا‘‘ اور کچھ ایسے دیگر واقعات اور فیصلے جو بائیڈن کی صدارت کے لیے امتحان ثابت ہوئے۔ مثال کے طور پر افغانستان سے امریکہ کا جلدی میں مکمل کیا جانے والا بے ہنگم فوجی انخلا، 2022ء میں روس کی طرف سے یوکرین میں فوجی مداخلت جو اب تک جاری روسی یوکرینی جنگ کا باعث بنی، اور پھر اکتوبر 2023ء میں حماس کا اسرائیل میں وہ دہشت گردانہ حملہ، جو غزہ پٹی کی ابھی تک ختم نہ ہونے والی جنگ کی وجہ بنا۔

ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ، تصویر، ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے پیش رو صدر بھی اور پس رو صدر بھی
ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ، تصویر، ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے پیش رو صدر بھی اور پس رو صدر بھیتصویر: Evan Vucci/AP/picture alliance

بائیڈن کے پیش رو ڈونلڈ ٹرمپ ان کی پس رو بھی

اب جب کہ جو بائیڈن اپنی چار سالہ مدت صدارت پوری کر کے عنقریب اپنے عہدے اور وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے والے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف ایک ہی مدت کے لیے امریکہ کے صدر رہے، لیکن اس عرصے نے عالمی منظر نامے پر امریکہ کی حیثیت اور واشنگٹن کے اتحادیوں کی نظر میں امریکہ کی ساکھ کی بحالی اور اس کے قابل اعتماد ہونے پر دیرپا اثرات مرتب کیے۔

صدر بائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر کے مجرمانہ الزامات معاف کر دیے

یہی پیغام صدر جو بائیڈن کی اس تقریر کا مرکزی نقطہ بھی ہو گا، جو وہ واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق آج پیر 13 جنوری کی سہ پہر امریکی خارجہ پالیسی اور اپنی سیاسی میراث کے موضوع پر کرنے والے ہیں۔

سیاسی طور پر جو بائیڈن کے لیے اہم بات یہ بھی ہے کہ ان کے پیش رو صدر ٹرمپ ان کے پس رو صدر بھی ہوں گے اور وہ دوبارہ اپنی وہی سیاست کریں گے، جس کے ڈیموکریٹس کے مطابق منفی اثرات کا ازالہ کرنے کی بائیڈن انتظامیہ نے چار سال تک کوشش کی۔

ٹرمپ کی جیت کے بعد بائیڈن کا اقتدار کی 'پرامن' منتقلی کا وعدہ

گزشتہ نومبر کے امریکی صدارتی الیکشن کے دو مرکزی حریف: ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کملا ہیرس
گزشتہ نومبر کے امریکی صدارتی الیکشن کے دو مرکزی حریف: ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کملا ہیرستصویر: Justin Sullivan/Getty Images | Ian Maule/Getty Images

جو بائیڈن کے امریکی خارجہ پالیسی میں کامیابیوں سے متعلق دعوؤں پر ایک مختلف سایہ بھی چھایا ہوا ہے۔ وہ یہ کہ امریکہ میں رائے عامہ زیادہ تر ٹرمپ ہی کے حق میں ہے اور اسی لیے وہ گزشتہ نومبر میں ہونے والا صدارتی الیکشن جیتنے میں کامیاب بھی ہو گئے تھے۔ مزید یہ کہ اب امریکی سیاست اور دنیا کو ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ اور دنیا کے بارے میں زیادہ تحفظ پسندانہ یا پروٹیکشنسٹ رویوں کا سامنا کرنا ہو گا۔

بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر سلیوان کا موقف

بائیڈن دور میں اب تک وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے پر فائز رہنے والے جیک سلیوان نے اس حوالے سے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ''حقیقی سوال یہ ہے کہ آیا دنیا کو اب واقعی یقین ہے کہ قومی مضبوطی کو پیش نظر رکھتے ہوئے امریکہ آج بھی ایک عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن ہے، جس پر کسی کو کوئی شبہ نہیں؟‘‘

امریکی صدر کا انتخاب کیسے کیا جاتا ہے؟

صدر بائیڈن کے دور میں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان
صدر بائیڈن کے دور میں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوانتصویر: picture alliance / ASSOCIATED PRESS

جیک سلیوان کے الفاظ میں، ''چار سال پہلے جب ہم نے اقتدار سنبھالا، تو شاید بہت سے لوگوں کی رائے یہ تھی کہ یہ ہیوی ویٹ چیمپئن چین تھا۔ لیکن آج تو کوئی بھی ایسا نہ کہہ رہا ہے اور نہ سوچ رہا ہے۔‘‘

بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کئی طرح کے زیر و بم سے عبارت گزشتہ چار برسوں میں صدر جو بائیڈن کی قیادت میں امریکہ نے دنیا کو اور واشنگٹن کے اتحادیوں کو اس مضبوط اور مستحکم ہاتھ کی پیشکش کی، جس نے گزشتہ نقصانات کا ازالہ کیا اور آج امریکہ اور اس کے اتحادی دونوں ہی عالمی منظر نامے پر مضبوط اور جمے ہوئے قدموں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امریکی سیاست کبھی بھی 'قتل کا میدان' نہیں بننا چاہیے، بائیڈن

روسی یوکرینی جنگ اور غزہ پٹی میں جاری اسرائیل اور حماس کی جنگ کے خاتمے اور سیاسی اقتصادی حوالے سے امریکہ کو دوبارہ عالمی منظر نامے پر مرکز ہی میں رکھنے کی کوشش کے حوالے سے دوبارہ صدر بن کر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کے بعد کس طرح کے عملی اقدامات کرتے ہیں، یہ حقیقت بھی تقریباﹰ ایک ہفتے بعد واضح ہونا شروع ہو جائے گی۔

م م / ر ب (اے پی)

ٹرمپ اور بائیڈن کے دور میں غیر قانونی مہاجرت کا موازنہ