بشار الاسد کو ماسکو میں پناہ مل گئی، روسی میڈیا
9 دسمبر 2024روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس نے کریملن کے حوالے سے بتایا کہ شام کے معزول صدر بشار الاسد ملک سے فرار ہو کر ماسکو پہنچ گئے ہیں، جہاں روسی حکومت نے انہیں پناہ دے دی ہے۔
تاس نے ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ بشار الاسد اور ان کے اہل خانہ ماسکو پہنچ گئے ہیں اور ان سب کو انسانی بنیادوں پر پناہ دی گئی ہے۔
شام: دمشق میں کرفیو، عبوری حکومت کو انتقال اقتدار کی تیاری
اسلام پسندوں کے زیرقیادت باغیوں نے اتوار کی صبح دمشق پر قبضہ کرکے اسد کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا اور اس طرح اسد خاندان کے 50 سالہ دور حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا۔
فاتح باغی گروپوں نے بدھ کی صبح پانچ بجے تک کے لیے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ ہجوم نے ملک بھر میں جشن منایا اور کچھ لوگ بشار الاسد کے گھر کے اندر داخل ہو گئے۔
معزول صدر اسد دمشق سے فرار ہو کر بیرون ملک، لیکن کہاں گئے؟
باغیوں کی پیش قدمی کی قیادت کرنے والے اسلام پسند حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) گروپ کے رہنما ابو محمد الجولانی نے دمشق کی اموی مسجد سے قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، ''میرے بھائیو، یہ اس خطے کے لیے ایک تاریخی فتح ہے۔‘‘
شام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس
شام کے معزول صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہو کر روس پہنچنے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج (پیر) کی سہ پہر بند کمرے کے ایک ہنگامی اجلاس میں شام کی تازہ ترین صورت حال پر غور کرے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کئی سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس (نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق) آج تین بجے سہ پہر طلب کیا گیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق روس نے شام کی صورت حال پر غور کے لیے اتوار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کے دوران واشنگٹن تمام شامی گروپوں کے ساتھ بات چیت کرے گا۔
جو بائیڈن نے شام میں برپا ہونے والے انقلاب کو شامیوں کے لیے اپنے ملک کی تعمیر نو کا 'تاریخی موقع‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معزول صدر بشار الاسد کا احستاب ہونا چاہیے۔
بائیڈن نے کہا کہ ’’اسد حکومت کا خاتمہ انصاف کا ایک بنیادی عمل ہے اور یہ شام کے عوام کے لیے اپنے ملک کی تعمیر نو کا ایک تاریخی موقع ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن شامیوں کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔
بائیڈن کا مزید کہنا تھا، ''ہم اقوام متحدہ کی زیر قیادت تمام شامی گروپوں کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ اسد حکومت کے بعد ایک نئے آئین کے ساتھ آزاد، خودمختار شام کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔‘‘
شام کی صورتحال پرعالمی ردعمل
عالمی رہنماؤں کا شام میں استحکام اور امن پر زور دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ شام کے ساتھ ''دوستانہ‘‘ تعلقات جاری رکھنے کی توقع رکھتا ہے اور دمشق میں موثر کرداروں کے طرز عمل کے مطابق شام کے حوالے سے ''مناسب نقطہ نظر‘‘ اپنائے گا۔
چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ بیجنگ شام کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امید کرتا ہے کہ شام جلد از جلد استحکام کی طرف لوٹ آئے۔
ترکی، جس نے شام میں باغی تحریکوں کی حمایت کی ہے، نے کہا کہ وہ ''شام کے زخموں پر مرہم رکھنے اور اس کے اتحاد، سالمیت اور سلامتی کی ضمانت میں مدد فراہم کرے گا۔‘‘
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسد کی معزولی کو ''ایران کے برائی کے محور کے زوال سے تعبیر کیا ہے۔‘‘ انہوں نے اسے ''ایران اور حزب اللہ پر اسرائیل کے وار کا براہ راست نتیجہ‘‘ قرار دیا۔
افغانستان کی طالبان حکومت نے شامی عوام اور باغیوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ تبدیلی ''ایک آزاد اور خدمت پر مبنی اسلامی حکومت‘‘ اور ''بیرونی مداخلت سے پاک شام‘‘ کا باعث بنے گی۔
متحدہ عرب امارات کے ایک سینئر اہلکار نے شامیوں پر زور دیا کہ وہ افراتفری کو روکنے کے لیے تعاون کریں۔
جرمنی اور یورپی یونین کا رد عمل
یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیرلائن نے کہا کہ ''خطے میں یہ تاریخی تبدیلی مواقع فراہم کرتی ہے لیکن یہ خطرات سے خالی نہیں ہے۔‘‘
جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا کہ برلن جنگ زدہ ملک میں امن واپس لانے کے لیے سیاسی حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد نے اپنے ہی لوگوں پر وحشیانہ ظلم کیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے شام میں بشار الاسد کی 'وحشیانہ ریاست‘ کے خاتمے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ''میں شامی عوام کو ان کی ہمت کو، ان کے صبر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔‘‘
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے شہریوں اور اقلیتوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے پرامن اور مستحکم شام کا مطالبہ کیا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے اسد کی رخصتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’’پوٹن کی حمایت پر انحصار کرنے والے آمروں کا زوال ہو گا۔‘‘
انہوں نے شام کے عوام کے لیے کییف کی حمایت کا یقین دلایا۔
ج ا ⁄ ک م (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی، ڈی پی، اے)