1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان میں مسلح افراد کا حملہ، چار سکیورٹی اہلکار ہلاک

18 فروری 2019

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد کی طرف سے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں پیرا ملٹری فورسز کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہيں۔ یہ بات پاکستانی حکام نے آج پیر 18 فروری کو بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/3DYge
Pakistan Soldaten
تصویر: Picture alliance/Photoshot/Asad

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں یہ حملہ اتوار 17 فروری کو کیا گیا۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا جب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی ایشیا اور چین کے اپنے دورے کے آغاز پر اسلام آباد پہنچ رہے تھے۔

پیراملٹری فورس فرنٹیئر کور کے ترجمان خان واسع نے خبر رساں روئٹرز کو بتایا، ’’چار جوانوں کو گولیوں سے کئی زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔‘‘

پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری روایتی حریف ہمسایہ ملک بھارت پر عائد کی ہے تاہم بھارت نے اسے رد کر دیا ہے۔

Projekt Wirtschaftskorridor Pakistan-China
چین نے پاکستانی صوبہ بلوچستان کی گہرے پانی کی اہم بندرگاہ گوادر پر بڑی سرمایہ کاری کی ہے.تصویر: picture-alliance/dpa/C. F. Röhrs

روئٹرز کے مطابق ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تاہم حملے کی نوعیت سے یہ علیحدگی پسندوں کی کارروائی معلوم ہوتی ہے جن کا دعویٰ ہے کہ اس صوبے کے گیس اور قدرتی وسائل سے دیگر صوبوں کو تو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے مگر اس صوبے کی غریب عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔ بلوچستان میں علیحدگی پسند کئی دہائیوں سے مسلح کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران اس صوبے میں چین اور سعودی عرب سمیت کئی دیگر ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کے بعد یہ صوبہ کافی اہمیت حاصل کر چکا ہے۔

Pakistan Saudischer Kronprinz Mohammed bin Salman zu Besuch
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان کےموقع پر پاکستان میں 20 بلین امریکی ڈالرز کے برابر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ تصویر: picture-alliance/dpa/SPA

چین نے پاکستانی صوبہ بلوچستان کی گہرے پانی کی اہم بندرگاہ گوادر پر بڑی سرمایہ کاری کی ہے اور اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان سمیت پاکستان کے کئی علاقوں میں سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ گوادر کی بندرگاہ کو بذریعہ سڑک چین کے ساتھ جوڑا جا سکے۔ اس منصوبے کو چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کا نام دیا گیا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان کےموقع پر پاکستان میں 20 بلین امریکی ڈالرز کے برابر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ ان میں 10 بلین امریکی ڈالرز کے سرمائے سے گوادر میں ایک آئل ریفائنری کا قیام بھی شامل ہے۔

ا ب ا / ع س (روئٹرز)ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔