جرمنی میں انتخابی پوسٹرز کیا کہتے ہیں؟
دنیا کے جس ملک میں بھی الیکشن کا وقت قریب آتا ہے، سیاسی رہنماؤں کے عوام سے اُن کی حالت بہتر بنانے کے وعدوں میں بھی تیزی آ جاتی ہے۔ دیکھیے کہ یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی میں انتخابی پوسٹرز کیا وعدے کرتے نظر آتے ہیں۔
کرسچین ڈیموکریٹک یونین
تین بار چانسلر کے عہدے پر فائز رہنے والی انگیلا میرکل ایک بار پھر انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کی سیاسی جماعت سی ڈی یو بیس ملین یورو خرچ کر کے جرمنی بھر میں اب تک قریب بائیس ہزار پوسٹر لگا چکی ہے۔ اس پوسٹر پر لکھا ہے، ’’ایک ایسے جرمنی کے لیے جہاں ہم اچھی طرح اور شوق سے رہ سکیں۔‘‘
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی
جرمنی کی ایک اہم اپوزیشن جماعت ایس پی ڈی نے اپنے انتخابی پوسٹر پر چانسلرشپ کے امیدوار مارٹن شُلس کی تصویر لگائی ہے۔ اس پوسٹر پر لکھا ہے، ’’مستقبل کو نئے تصورات کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک ایسے شخص کی بھی، جو ان پر عمل درآمد کر سکے۔‘‘
فری ڈیموکریٹک پارٹی
ترقی پسندوں کی لبرل جماعت ایف ڈی پی کی الیکشن مہم پر پانچ ملین یورو خرچ کیے گئے ہیں۔ پارٹی سربراہ کرسٹیان لِنڈنر کی تصویر والے اس پوسٹر پر لکھا ہے، ’’بے صبری بھی ایک خوبی ہے۔‘‘
گرین پارٹی
ماحول پسندوں کی جرمن سیاسی جماعت گرین پارٹی کے اس پوسٹر پر لکھا ہے، ’’ماحول سب کچھ نہیں ہے لیکن ماحول کے بغیر کچھ بھی باقی نہیں رہتا۔‘‘
متبادل برائے جرمنی
جرمنی کی مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی یا اے ایف ڈی کے اس انتخابی پوسٹر پر ایک حاملہ عورت کی تصویر کے ساتھ یہ لکھا ہوا ہے، ’’نئے جرمن؟ ہم خود پیدا کریں گے۔ جرمنی، ہمت کرو!‘‘
لیفٹ پارٹی یا ’دی لِنکے‘
اس جرمن سیاسی جماعت نے اپنے اس پوسٹر کے لیے مختلف خطِ تحریر استعمال کیے ہیں۔ اس پوسٹر پر مختلف رنگوں میں لکھا ہے، ’’واضح طور پر دائیں بازو کی نفرت انگیزی کے خلاف، دی لِنکے‘‘