1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسمس کی تقریبات پر حملوں کا شبہ، نوجوان پولیس تحویل میں

1 دسمبر 2023

جرمن حکام کے مطابق ایک بیس سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ کرسمس کی چھٹیوں کے دوران دہشت گردانہ حملے کرنا چاہتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4ZfQd
اس تصویر میں پولیس اہلکاروں کو فرینک فرٹ کی ایک کرسمس مارکیٹ میں گشت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے
اس تصویر میں پولیس اہلکاروں کو فرینک فرٹ کی ایک کرسمس مارکیٹ میں گشت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہےتصویر: Michael Probst/AP Photo/picture alliance

جرمنریاست لوئر سیکسنی میں حکام نے ایک بیس سالہ نوجوان کو کرسمس کے موقعے پر دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبہے پر تحویل میں لے لیا ہے۔

لوئر سیکسنی کی وزیر داخلہ ڈینیئلا بیغینس نے اس حوالے سے جرمن پبلک براڈکاسٹر اینڈ ی آر کو بتایا، "اس (مشتبہ شخص) نے مبینہ طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ کرسمس کی چھٹیوں کے دوران اہم تقریبات پر حملے کرنا چاہتا ہے اور اس لیے ہم نے اسے حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔"

این ڈی آر اور پبلک براڈکاسٹر ڈبلیو ڈی آر کی جانب سے کی گئی مشترکہ تحقیق کے مطابق اس نوجوان کو 21 نومبر کو ہیلمشٹڈ سے تحویل میں لیا گیا۔

ڈینیئلا بیغینس کے مطابق اس شخص کا تعلق عراق سے ہے۔

اسٹیٹ کرمنل پولیس آفس کے ایک ترجمان نے این ڈی آر کو اس حوالے سے بتایا کہ یہ نوجوان ایک سکیورٹی اقدام کے طور پر اب بھی ان کی تحویل میں ہے اور "تکنیکی تفتیشی وجوہات" کی بنا پر فی الحال اس سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی۔

جرمنی: برلن کی کرسمس مارکٹ پر حملہ، ’آج بھی یاد ہے‘

کرسمس بازاروں کی سکیورٹی

ڈینیئلا بیغینس نے کرسمس کے لیے لگائے گئے بازاروں میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے این ڈی آر کو بتایا کہ وہاں کافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا، "یہاں اب بھی ایسے اسلام پسند عناصر ہیں جو عوام کی نظروں سے اوجھل ہیں لیکن انہوں نے مغربی (ممالک) میں حملوں کا اعلان کیا ہے۔"

حال ہی میں جرمنی کے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور برینڈن برگ میں دو نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیم داعش سے ہمدردی اور مبینہ طور پر ایک کرسمس بازار پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈسلڈورف کے پبلک پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نوجوان دسمبر کے اوائل میں لیورکوسن کے ایک کرسمس بازار میں آنے والوں کو ایک ٹرک میں دھماکہ کر کہ نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔  

م ا/ ر ب (ڈی پی اے)