1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواجہ سرا اور لڑکے کی محبت، کامياب بنگلہ ديشی فلم

9 جولائی 2012

ان دنوں بنگلہ ديش ميں ايک ہندو لڑکے اور جسمانی طور پر ايک جنس مگر نفسياتی طور پر کسی دوسرے جنس سے تعلق رکھنے والے شخص کے درميان محبت کے موضوع پر بنائی جانے والی ايک فلم بے انتہا مقبوليت حاصل کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/15U9A
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق بنگلہ ديش ميں Common Gender نامی يہ فلم دو ہفتے قبل ملک کے صرف چھ سينما گھروں ميں نمائش کے ليے پيش کی گئی ليکن اب شائقين کے درميان بے پناہ مقبوليت حاصل کرنے کی وجہ سے اس فلم کی ملک گير ريليز جلد ہی متوقع ہے۔ فلم کے ڈسٹری بيوٹر عمان الکريم کا کہنا ہے، ’ہم نے پہلے ہفتے ميں اس فلم کو صرف چھ سينما گھروں ميں ريليز کرنے کا فيصلہ کيا کيونکہ اس فلم ميں کسی مشہور و معروف اداکار نے کام نہيں کيا اور لوگوں کا يہ بھی کہنا تھا کہ يہ فلم ’آرٹ ہاؤس‘ فلم ہے‘۔ عمان الکريم کے بقول ان کی توقعات کے برخلاف کامن جينڈر نامی اس فلم نے اب تک زبردست کاميابی حاصل کی ہے اور تيزی سے دوسرے سينما گھر بھی يہ فلم ريليز کر رہے ہيں۔ انہوں نے يہ بھی بتايا کہ فلم کے فروخت کے سلسلے ميں بھارت سے تعلق رکھنے والے ايک فلم پروڈيوسر کے ساتھ ان کی بات چيت جاری ہے۔

بنگلہ ديش کے دارالحکومت ڈھاکہ ميں قائم بلاکا تھيٹر کے منيجر کے بقول اس فلم کے شوز کافی کاميابی کے ساتھ چل رہے ہيں اور اسی ليے ان کے تھيٹر نے يہ فيصلہ کيا ہے کہ اس فلم کو اگست کے آخر تک چلايا جائے گا۔

کامن جينڈر نامی اس فلم ميں ششمتہ نامی ايک خواجہ سرا کو ايک ہندو لڑکے سے محبت ہو جاتی ہے ليکن اس ہندو لڑکے کے والدين اس رشتے کو تسليم نہيں کرتے جس کے نتيجے ميں ششمتہ خودکشی کر ليتی ہے۔

اس فلم کے ہدايت کار نعمان روبن کا کہنا ہے کہ انہوں نے کامن جينڈر بنانے کا فيصلہ اس وقت کيا جب انہوں نے لوگوں کو بے رحمی سے ايک خواجہ سر کو مارتے پيٹتے ديکھا۔ اس خواجہ سر کا قصور خواتين کا غسل خانہ استعمال کرنا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق جنوبی ايشيا کے ملکوں ميں روایتی طور پر قدامت پسند معاشروں ميں جسمانی طور پر ايک جنس مگر نفسياتی طور پر کسی دوسرے جنس سے تعلق رکھنے والے اشخاص کے ساتھ برا سلوک کيا جاتا ہے۔

as / at / AFP