زلزلے کے سبب ترکی میں سات ہلاکتیں
23 فروری 2020ترک وزیر داخلہ کے مطابق ایران کے ساتھ ترکی کے سرحدی علاقے میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی اور یہ کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ دیہات تک پہنچ چکی ہیں اور امدادی کام جاری ہیں۔
ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کے مطابق مرنے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس زلزلے کے سبب 1,066 عمارتیں زمین بوس ہوئی ہیں۔
زلزلوں کی پیمائش کرنے والے یورپی مرکز ای ایم ایس سی کے مطابق یہ زلزلہ سطح زمین سے پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ ایرانی حکام کے مطابق جھٹکے ایران میں بھی محسوس کیے گئے ہیں تاہم ابھی تک وہاں کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔
ترک میڈیا کے مطاق اس زلزلے سے ترکی کے 40 سے زائد دیہات متاثر ہوئے اور اس کے علاوہ ترک شہر وان میں بھی عمارات گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ترکی اور ایران کا سرحدی علاقے بڑی فالٹ لائنز پر موجود ہیں اور اسی باعث ان دونوں ممالک میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے ایک زلزلے کے سبب 40 سے زائد لوگ مارے گئے تھے۔
ایک ایرانی سینیئر اہلکار نے سرکاری ٹیلی وژن کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی طرف بھیج دی گئی ہیں تاہم ابھی تک نقصانات یا کسی ہلاکت کے بارے میں اطلاعات نہیں ملیں۔ اس اہلکار کے مطابق ایران میں اس زلزلے سے 43 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔مگر ایک اور اہلکار نے ملکی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصانات ہو سکتے ہیں کیونکہ اب تک 43 دیہات کے متاثر ہونے کی اطلاع ہیں جو 10 فیصد سے لے کر 100 فیصد تک متاثر ہوئے ہیں۔
ا ب ا / ش ح (روئٹرز، اے پی)