1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سُشما سوراج  نے پاکستانی بچے کو بھارت کا میڈیکل ویزا دے دیا

بینش جاوید
2 جون 2017

اسلام آباد میں قائم انڈین سفارت خانے نے ایک ڈھائی سالہ بیمار پاکستانی بچے کو علاج کی غرض سے بھارت لے جانے کے لیے میڈیکل ویزا جاری کر دیا ہے۔ یہ ویزا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2e1lh
Sri Lanka Sushma Swaraj in Colombo
تصویر: picture-alliance/AP Photo/G. Amarasinghe

اس بیمار بچے کے والد کین سِڈ نے 24 مئی کو ٹوئٹر پر بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پنی ٹوئٹ میں لکھا تھا،’’ میرے  بیٹے کا علاج  ممکن کیوں نہیں ہے ؟ کیا سرتاج عزیز یا سشما سوراج کے پاس کوئی جواب ہے۔؟‘‘

 سوشل میڈیا پر یہ ٹوئٹ کافی مرتبہ شیئر کی گئی اور بھارتی شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے سشما سوراج پر زور ڈالا کہ وہ اس پاکستانی بچے کے علاج کے لیے ویزے کا اجراء کروائیں۔

سُشما سوراج نے گزشتہ روز ٹوئٹ میں لکھا،’’ یہ بیمار بچہ تکلیف میں نہیں رہے گا۔ آپ اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن سے رابطہ کریں۔ اسے میڈیکل ویزا دیا جائے گا۔‘‘

آج بھارت اور پاکستان کی مختلف چینلز اور ویب سائٹوں کے مطابق اس بیمار بچے اور اس کے والدین کو بھارت کا ویزا دے دیا گیا ہے۔ ویزا ملنے کے بعد اس بچے کے والد نے ٹوئٹ میں سب کا شکریہ ادا کیا۔ سِڈ  نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’یہ بہت خوشی کا باعث ہے کہ اختلافات کے باوجود انسانیت کو برتری حاصل ہوئی ہے۔ آپ سب کی کوششوں کا شکریہ۔‘‘

پاکستان کے انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق اس خاندان کو چار ماہ کا میڈیکل ویزا دیا گیا ہے تاکہ بھارت میں اس بچے کے دل کا آپریشن ہوسکے۔ اس بچے کے والدین گزشتہ تین ماہ سے بھارت کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔