شام متاثرہ شہروں میں امدادی کارکنوں کو رسائی دے، سلامتی کونسل
2 مارچ 2012سلامتی کونسل کا یہ بیان شام کی جانب سے انسانی امداد کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سربراہ Valerie Amos کو ملک میں اجازت نہ دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ روس اور چین نے بھی اس بیان پر دستخط کیے ہیں۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کے سفیر مارک لائل گرانٹ کی جانب سے پڑھے گئے اس بیان میں کہا گیا ہے: ’’سلامتی کونسل کے ارکان اس بات پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہیں کہ شام کی حکومت نے اموس کو بروقت دورے کی اجازت نہیں دی۔
سلامتی کونسل کی جانب سے گزشتہ برس 15 اگست کے بعد شام کے حوالے سے یہ پہلا بیان ہے، جس میں اس کے پندرہ ارکان نے شام پر زور دیا ہے کہ وہ اموس کو فوری اور بلا روک ٹوک دورے کی اجازت دے۔
دوسری جانب روس کے وزیر اعظم ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو حکومت شام کے صدر بشار الاسد کے ساتھ کسی طرح کے خصوصی تعلقات نہیں رکھتی اور اس بات کا فیصلہ شام کے عوام کو کرنا چاہیے کہ ان کی قیادت کس کو کرنی چاہیے۔ پوٹن نے یہ بات برطانوی اخبار ٹائمز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہی ہے جو جمعے کو شائع ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ روس کو حمص جیسے شہروں میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر تشویش ہے۔ پوٹن نے کہا کہ شام میں فائر بندی اور فریقین کے درمیان مذاکرات کی ضرورت ہے۔
اُدھر شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حمص میں باغیوں کے پیچھے ہٹنے کے بعد حکومتی فورسز کو امریکی صحافی میری کولوِن اور فرانسیسی فوٹو گرافر ریمی اوچلک کی لاشیں ملی ہیں۔ شام کے خبررساں ادارے صنعاء کے مطابق وہ دونوں ’مسلح دہشت گرد گروپوں کے زیر انتظام علاقے میں‘ دفن تھے۔
یہ دونوں صحافی حمص کے علاقے بابا عمرو میں بائیس فروری کو ایک عارضی میڈیا سینٹر پر راکٹ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس علاقے سے ایک تیسری لاش ملنے کی اطلاع بھی ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ہسپانوی صحافی Javier Espinosa کی ہے۔ تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اسپین کے ایک اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ صحافی بخیریت ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں دارے
ادارت: عاطف بلوچ