عمران خان، تعاون کا شکریہ: نریندر مودی
9 نومبر 2019ساری دنیا میں موجود سکھ مذہب کے ماننے والے سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے پانح سو پچاسویں جنم دن کے موقع پر کرتار پور راہداری کو کھولنے پر بھرپور مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایسی ہی مسرت و شادمانی بھارتی سکھ کمیونٹی میں بھی پائی جاتی ہے۔
راہداری کھولنے کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی خصوصی پیغام دیا ہے۔ اپنے اس پیغام میں مودی نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے تعاون کا بھرپور الفاظ میں شکریہ ادا کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ بھارتی عوام کے جذبات کا احساس اور احترام کرنے پر پاکستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مودی نے شکریہ کا یہ پیغام بھارتی ٹیلی وژن پر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی وزیراعظم کی جانب سے شکریہ ادا کرنے کے پیغام پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی گرما گرمی جاری ہے۔
اسی دوران رواں برس پانچ اگست کو نریندری مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی دستوری حیثیت، پارلیمنٹ سے منظور کی گئی ایک قرارداد کے ذریعے ختم کر دی۔ تب سے اب تک کشمیر میں لاک ڈاؤن کی سی صورتحال ہے۔ یہ غیر معمولی اقدامات بھی دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب کرتارپور راہداری کے ذریعے بابا گورو نانک کے سن 1504 میں تعمیر کردہ گوردوارے کی زیارت کے لیے بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد بھی آج ہفتہ کی صبح سے شروع ہو گئی۔ بھارتی سکھوں کے جتھے میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی شامل تھے۔
یہ اہم ہے کہ سینکڑوں بھارتی سکھ شہری پاکستانی حکومت کی جانب سے دربار صاحب کرتارپور کی یاترا کرنے کے لیے دی گئی ویزہ فری سہولت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ نو سے بارہ نومبر تک دربار صاحب کرتارپور پہنچنے والے سکھ یاتریوں سے بیس ڈالر کی داخلہ فیس بھی نہیں لی جائے گی۔
ع ح ⁄ ا ب ا (اے ایف پی)