1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر میں فٹ بال کے ایشیائی مقابلے

3 جنوری 2011

رواں مہینے کی 7 تاریخ سے خلیجی ریاست قطر میں ایشیائی ممالک کے مابین فٹ بال مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ بھارت نے 27 سال بعد تیسری بار ان مقابلوں کے لیے اپنی اہلیت ثابت کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/zt06
تصویر: AP

مقابلہ جیتنے کے لیے جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کو پسندیدہ ممالک قرار دیا جا رہا ہے۔ جاپان، چین، ایران اور سعودی عرب کی ٹیمیں بھی مضبوط سمجھی جاتی ہیں۔ بھارتی ٹیم اب سے قبل دو مرتبہ ان مقابلوں میں جگہ بنا پائی ہے۔ 1984ء میں بھارتی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہں کرسکی تھی۔ 1964ء میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہنے کے بعد بھارتی ٹیم اسرائیل سے ہار گئی تھی۔

Indian cricketer Sachin Tendulkar
بھارتی کرکٹر سچن تندولکر بھی شوق سے فٹ بال کھیلتے ہیںتصویر: AP

گروپ سی میں آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور بحرین جیسی مضبوط ٹیموں کے مقابلے میں بھارتی ٹیم جیت کے خواب نہیں دیکھ رہی بلکہ باعزت کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سے کم گول کھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بھارتی فٹ بال ٹیم نومبر میں عراق سے صفر کے مقابلے میں دو، کویت سے ایک کے مقابلے میں 9 جبکہ متحدہ عرب امارات سے صفر کے مقابلے میں 5 گولوں سے ہار چکی ہے۔

50 اور 60 ء کی دہائیاں بھارتی فٹ بال کا سنہری دور تھا۔ اس دوران بھارت نے دو بار ایشین گولڈ میڈل جیتا اور میلبورن اولمپک کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ فٹ بال کی موجودہ عالمی درجہ بندی میں بھارت کا نمبر 144واں ہے۔

مجموعی طور پر 16 ممالک کی ٹیمیں ان مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ انہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میزبان قطر اور ازبکستان کے درمیان 7 جنوری کے مقابلے سے ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔ ان دونوں کے علاوہ گروپ اے میں چین اور کویت کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ نو جنوری کو جاپان اور اردن کے میچ سے گروپ بی میں مقابلوں کا آغاز ہوگا۔ اس گروپ میں سعودی عرب اور شام بھی شامل ہیں۔

Indische Fusball-Nationalmannschaft trainiert im Regen im Salt Lake Stadion in Kolkata
بھارتی فٹ بال ٹیم کولکتہ میں مشق کرتے ہوئےتصویر: DW

گروپ سی کے مقابلوں کا آغاز 10 جنوری کو آسٹریلیا اور بھارت کے مقابلے سے ہوگا۔ اس گروپ میں بقیہ دو ٹیمیں جنوبی کوریا اور بحرین کی ہیں۔ آخری گروپ ڈی میں مقابلوں کا آغاز 11 جنوری کو شمالی کوریا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کے مابین میچ سے ہوگا۔ اس گروپ میں عراق اور ایران کی ٹیمیں بھی کھیل رہی ہیں۔

ان گروپوں کی دو دو سر فہرست ٹیمیں 21 جنوری سے کوارٹر فائنل مقابلوں میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ 25 جنوری کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے جبکہ 29 جنوری کو فائنل معرکہ ہوگا۔ 2007ء کے ایشیا کپ میں عراق نے سعودی عرب کو شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔ ان مقابلوں میں جنوبی کوریا کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ سعودی عرب، جاپان اور ایران تین تین بار فٹ بال کے ایشین چیمپئن رہ چکے ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں