مہاجرین کی ایک اور کشتی ڈوب گئی، اٹھارہ افراد ہلاک
19 دسمبر 2015خبر رساں ادارے روئٹرز نے ترک نیوز ایجنسی دوگان کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کی شب بحیرہ ایجیئن میں رونما ہونے والے اس حادثے کے بعد امدادی کارکنوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چودہ مہاجرین کی جان بچا لی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی میں سوار افراد زیادہ تر شامی اور عراقی تارکین وطن تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والی لکڑی کی اس کشتی میں پناہ کے متلاشی پاکستانی باشندے بھی سوار تھے۔
روئٹرز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک سمندری حدود میں جب اس کشتی کو حادثہ پیش آیا، تو ماہی گیروں نے ڈوبتے مہاجرین کی چیخ و پکار سن کر ترک امدادی کارکنوں کو اطلاع کر دی، جس کے بعد فوراﹰ ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ یہ حادثہ ترک شہر بودروم سے کچھ دور ساحلی علاقے میں پیش آیا۔
امدادی کارکنوں کے مطابق زخمی افراد کو بودروم کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ مشرق وسطیٰ کے شورش زدہ علاقوں کے باشندے یورپ پہنچنے کے لیے زیادہ تر یہی سمندری راستہ اختیار کرتے ہیں۔ موسم سرما کی شدت اور سمندر کی تند و تیز لہروں نے بھی ان مہاجرین کو اس خطرناک راستے سے بد ظن نہیں کیا۔
ایک اندازے کے مطابق رواں برس پانچ لاکھ مہاجرین اور تارکین وطن ترکی سے بحیرہ ایجیئن کے راستے کشتیوں پر سوار ہو کر یونان پہنچ چکے ہیں۔ اس دوران کشتیاں ڈوبنے یا دیگر حادثات کے باعث سینکڑوں انسان ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ ان ہلاک شدگان میں بچے، خواتین اور نوجوان سبھی شامل تھے۔ شام، عراق، افغانستان اور دیگر ممالک کے باشندے داخلی بدامنی سے فرار ہو کر یورپ پہنچنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پر امن ممالک میں نئی زندگی شروع کرنے کے متمنی ہیں۔
مہاجرین کی بڑی پیمانے پر آمد کے باعث یورپ کو بھی مسائل لاحق ہو چکے ہیں۔ انتیس نومبر کو ترکی نے یورپی یونین کے ساتھ ایک ڈیل طے کی تھی، جس میں انقرہ نے عہد کیا تھا کہ وہ ترکی کے راستے یورپ پہنچنے والے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گا۔ اس کے عوض یورپی یونین کے اٹھائیس رکنی بلاک نے ترکی کو تین بلین یورو فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
جب سے ترکی نے تارکین وطن اور مہاجرین کے خلاف اپنا کریک ڈاؤن شروع کیا ہے، تب سے ترکی سے یورپ پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں واضح کمی نوٹ کی گئی ہے۔