1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ میں ساحلی آلودگی، روایتی ماہی گیری مقابلہ منسوخ

20 اکتوبر 2011

نیوزی لینڈ میں آئندہ پیر کے روز لیبر ڈے کی عام تعطیل ہو گی اور اس کے ساتھ ہی موجودہ ویک اینڈ پر، جو تین دنوں پر مشتمل ہو گا، گہرے سمندر میں ماہی گیری کے قومی سیزن کا آغاز بھی ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/12vpp
تصویر: AP

نیوزی لینڈ کے نارتھ آئی لینڈ کے ایسٹ کیپ کے چھوٹے سے علاقے وائی ہاؤ بے میں مقامی فشنگ کلب کی طرف سے ہر سال لیبر ڈے ویک اینڈ کے موقع پر ماہی گیری کے ایک مقابلے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے اس دور دراز ساحلی علاقے میں اس مقابلے کے لیے ہر سال دو سو سے زائد مہمان دوسرے علاقوں یا بیرون ملک سے اس جگہ کا رخ کرتے ہیں۔
تب خاص طور پر یورپ، جاپان اور امریکہ سے آنے والے ان مہمان ماہی گیروں کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے کہ گہرے سمندری پانی میں بڑی سے بڑی مچھلی کون پکڑتا ہے۔ ان ماہی گیروں میں سے ہر کسی کو یہ امید ہوتی ہے کہ وہ کوئی نہ کوئی بہت بڑی مچھلی پکڑنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ان مچھلیوں میں سے سب سے اہم اور قیمتی پچاس کلو گرام تک وزن والی وہ مچھلی ہوتی ہے جس کی دم پیلی ہوتی ہے اور جو کنگ فش کہلاتی ہے۔
لیکن اس مرتبہ وائی ہاؤ میں اس مقابلے کی وجہ سے دکھائی دینے والی گہما گہمی نظر نہیں آئے گی۔ اس ویک اینڈ پر عام ماہی گیر مچھلیاں پکڑنے کے لیے اپنی اپنی فشنگ لائنز سمندر میں نہیں ڈال سکیں گے۔ اس کی وجہ سینتالیس ہزار ٹن وزنی تیل بردار بحری جہاز رینا سے بہنے والا وہ تیل ہے، جو اس ٹینکر کے تباہ ہونے کے بعد جمعرات کو سفید ریت والے ساحلی علاقے تک پہنچنا شروع ہو گیا تھا۔
رینا نامی یہ ٹینکر دو ہفتے سے بھی زیادہ عرصہ قبل اس ساحلی علاقے میں خشکی پر چڑھ گیا تھا۔ پھر اس پر لدے کافی سامان کے علاوہ کم از کم تین سو پچاس ٹن معدنی تیل بھی سمندر میں بہنا شروع ہو گیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ نیوزی لینڈ میں بحری آمد و رفت اور سمندری مال برداری کے نگران قومی ادارے نے وائی ہاؤ بے میں ماہی گیری کے اس مقابلے کے منتظمین کو یہ مشورہ دیا کہ وہ لیبر ڈے ویک اینڈ پر منعقد ہونے والا مقابلہ اس سال منسوخ کر دیں۔
اب اس ساحلی علاقے میں سالانہ ماہی گیری مقابلے میں حصہ لینے والے مہمان اس سال وہاں نہیں گئے۔ وہ مقامی باشندے، جن کا رہائشی فلیٹس اور دیگر شعبوں میں کاروبار اس مقابلے کے موقع پر کافی چمکتا تھا، خاصے پریشان ہیں۔ ان میں سے کئی ایک کا کہنا ہے کہ رینا نامی آئل ٹینکر کی تباہی سے اس علاقے میں ساحلی خطے کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ لیکن ماہی گیری کے مقابلے کی منسوخی سے ان کو جو نقصان ہو چکا ہے یا ابھی مزید ہو گا، وہ بہت زیادہ ہے۔
نیوزی لینڈ کے اس ساحلی علاقے کو رینا کی تباہی اور اس وجہ سے ماحولیاتی آلودگی سے جتنا نقصان ہوا ہے، وہ صرف وائی ہاؤ میں ماہی گیری کے مقابلے کی منسوخی تک ہی محدود نہیں۔ اب تو کئی ایسے غیر ملکی مہمانوں نے بھی اس علاقے میں اپنی گرمیوں کی چھٹیاں منانے کا پروگرام منسوخ کرنا شروع کر دیا ہے، جو پہلے ماہی گیری، کیمپنگ، کشتی رانی یا سرفنگ کے لیے اس علاقے کا رخ کرتے تھے۔
نیوزی لینڈ کے اس علاقے کے سبھی لوگ جانتے ہیں کہ اس سال لیبر ڈے ویک اینڈ ان کے لیے کافی زیادہ کاروباری نقصانات کا سبب بنے گا لیکن ان کے پاس اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔

Flash-Galerie Greenpeace Rainbow Warrior in Auckland Wrack
تصویر: AP

رپورٹ:عصمت جبیں

ادارت: امتیاز احمد