1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان ٹیسٹ 127 رنز سے جیت لیا

19 جنوری 2025

پاکستان کے دورے پر گئی ہوئی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے خلاف میزبان ملک نے ملتان میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ تیسرے ہی دن 127 رنز سے جیت لیا، جس میں کُل نو وکٹیں لے کر آف اسپنر ساجد خان نے کلیدی کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/4pLIQ
پاکستانی آف اسپن بولر ساجد خان، بائیں، نے اس ٹیسٹ میچ میں کُل نو وکٹیں حاصل کیں
پاکستانی آف اسپن بولر ساجد خان، بائیں، نے اس ٹیسٹ میچ میں کُل نو وکٹیں حاصل کیںتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

جمعہ 17 جنوری کو شروع ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ اتوار 19 جنوری کے روز تیسرے دن کے دوسرے سیشن میں ہی اس طرح اپنے اختتام کو پہنچا کہ اس میں اہم ترین کردار پاکستانی بولروں ساجد خان، ابرار احمد اور نعمان علی کا رہا۔

ڈھائی دنوں میں چار اننگز

اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 230 رنز بنائے تھے، جن میں سعود شکیل کے 84 اور محمد رضوان کے 71 رنز بھی شامل تھے۔ اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 137 رنز کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ مہمان ٹیم کی پہلی اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور جومیل واریکین کا رہا، جو 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں ٹوٹل 157 رنز بنائے تھے، جن میں کپتان اور اوپننگ بلے باز شان مسعود کے 52 رنز بھی شامل تھے۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی طرف سے سب سے کامیاب بولر جومیل واریکین رہے، جنہوں نے 18 اووروں میں صرف 32 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔

ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 15 اووروں میں 50 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں
ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 15 اووروں میں 50 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیںتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

بھارتی آل راؤنڈر اشون کا کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لیے 251 رنز کا ہدف ملا تھا اور اسے پورا کرنے کے لیے اس کے پاس وقت کی کوئی کمی نہیں تھی۔ لیکن پاکستانی بولروں میں سے ساجد خان دوسری اننگز میں بھی مہمان ٹیم کے بلے بازوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوئے اور اس عمل میں ابرار احمد نے بھی ان کا پورا ساتھ دیا۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ 127 رنز سے اس وقت جیت لیا جب ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں اس کا آخری کھلاڑی بھی 37 ویں اوور میں آؤٹ ہو گیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 123 رنز بنائے۔

پلیئر آف دی میچ ساجد خان

ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 15 اووروں میں 50 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 12 اووروں میں 65 رنز دے کر چار وکٹیں لی تھیں۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں چار وکٹیں لینے والے ابرار احمد نے اپنی آخری تین وکٹیں صرف پانچ گیندوں میں بغیر کوئی رن دیے ہوئے حاصل کیں
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں چار وکٹیں لینے والے ابرار احمد نے اپنی آخری تین وکٹیں صرف پانچ گیندوں میں بغیر کوئی رن دیے ہوئے حاصل کیںتصویر: Matthew Lewis/Getty Images

محمد عامر نے ريٹائرمنٹ کا اعلان کر ديا

مجموعی طور پر ساجد خان نے اس ٹیسٹ میچ میں 115 رنز دے کر نو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے نعمان علی نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی۔

کرکٹ: سب سے کم عمر کا کھلاڑی، جو سوا کروڑ میں نیلام ہوا

پاکستان کی طرف سے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں لیگ اسپن بولر ابرار احمد نے 27 رنز دے کر چار وکٹیں لیں۔ ان چار میں سے تین وکٹیں ابرار احمد نے صرف پانچ گیندوں میں بغیر کوئی رن دیے ہوئے حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین موجودہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بھی ملتان ہی میں 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

م م / ا ا (اے پی)

افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی