پوپ کی سربراہی میں میڈرڈ میں دعائیہ عبادات
20 اگست 2011جمعے کے روز میڈرڈ کے ایک اہم چوک پر ورلڈ یوتھ ڈے کے سلسلے میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں دنیا بھر سے لاکھوں مسیحی نوجوان شریک ہوئے ہیں۔ پوپ شانزدہم نے اس دعائیہ سروس کی سربراہی کرتے ہوئے زنا اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی جرائم کے خاتمے کی بھی دعا کی۔
ورلڈ یوتھ ڈے کے موقع پر دارالحکومت میڈرڈ پہنچنے والے لاکھوں زائرین کی موجودگی سے شہر کے زیادہ تر علاقے کسی جشن کا ماحول پیش کر رہے ہیں۔ اس برس میڈرڈ میں ہونے والے اس ورلڈ یوتھ ڈے میں دنیا بھر سے تقریباﹰ ایک ملین کیتھولک مسیحی شریک ہیں۔ 16 اگست کو شروع ہونے والی یہ تقریب 21 اگست تک جاری رہے گی۔
تاہم دوسری جانب پوپ کے دورہ ہسپانیہ کے اخراجات پر تنقید کرنے والے سینکڑوں مظاہرین نے تیسرے روز بھی میڈرڈ میں اپنا احتجاج جاری رکھا۔ ان مظاہرین کو اس دورے پر آنے والے اخراجات پر اعتراض ہے۔ احتجاج میں شریک نوجوانوں کا خیال ہے کہ ایک طرف جب حکومت ملک میں عوامی شعبے میں بڑے پیمانے پر کٹوتیوں کے ذریعے مالیاتی بحران پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے، پوپ کے اس دورے پر عوام کی ٹیکس کی صورت میں ادا کی جانے والی رقم خرچ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین میں بے روزگاری کی شرح کے اعتبار سے اسپین سرفہرست ہے۔ اسپین میں بے روزگاری کی مجموعی شرح 21 فیصد جبکہ 25 برس سے کم عمر نوجوانوں میں یہ شرح 45 فیصد کے قریب ہے۔
بدھ اور جمعرات کے مظاہروں کے مقابلے میں جمعے کو مظاہروں میں شدت نظر آئی۔ پولیس نے مظاہرین کی جانب سے تقریب کے مرکزی چوک کی جانب جانے کی کوششوں کو سڑکوں پر رکاوٹیں رکھ کر ناکام بنا دیا۔
نوجوان مظاہرین پولیس کی کارروائیوں کو بھی ’ظالمانہ‘ قرار دے رہے ہیں۔ ان مظاہرین کی جانب سے بطور احتجاج پیلے اور سفید رنگوں کے غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امتیاز احمد