1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کووڈ کے علاج کے ليے آزمائشی گولی ’پيکس لووڈ‘ نوے فيصد موثر

6 نومبر 2021

کورونا کی وبا سے نمٹنے کے ليے اب تک حفاظتی ٹيکے دستياب تھے مگر يہ صورتحال جلد تبديل ہو رہی ہے۔ ميرک کے بعد اب فائزر کی بھی ايک گولی کلينيکل ٹرائلز کے مرحلے ميں ہے اور حوصلہ بخش نتائج سامنے آ رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/42f9A
Pfizer Pharmaunternehmen
تصویر: Dado Ruvic/REUTERS

کووڈ انيس کے علاج کے ليے امريکی دوا ساز کمپنی فائزر کی گولی کلينيکل ٹرائلز ميں کافی موثر ثابت ہوئی ہے۔ فائزر نے کورونا کی وبا کے خلاف جنگ ميں اسے ايک بڑی پيش رفت قرار ديا ہے۔ فائرز کمپنی کی گولی کا نام 'پيکس لووڈ‘ ہے اور آزمائش ميں يہ گولی کووڈ انيس کے بالغ مريضوں ميں ہسپتال تک پہنچنے يا موت کے امکانات کو 89 فيصد تک گھٹانے ميں کامياب ثابت ہوئی ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کے بجائے اب گولی، برطانیہ میں استعمال کی اجازت

جرمنی میں نئے کورونا کیسز کی یومیہ تعداد کا ایک اور ریکارڈ

'کورونا کو حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر تیار نہیں کیا گیا' امریکی خفیہ ادارے

اس سے قبل ميرک نامی کمپنی کی ايک گولی کووڈ انيس کے علاج کے ليے دستياب ہے۔ ميرک کی گولی نزلے زکام کے علاج کی گولی ہے، جسے نئے نام کے ساتھ مارکيٹ کيا جا رہا ہے۔ دوسری جانب فائزر کی گولی کو خصوصی طور پر کووڈ انيس کے انسداد ہی کے ليے تيار کيا گيا ہے۔ اس وقت يہ گولی کلينيکل ٹرائلز کے آخری مراحل ميں ہے اور کمپنی نے کہہ ديا ہے کہ اسے آزمائش کے ليے مزيد افراد درکار نہيں ہيں۔ کمپنی کے مطابق آزمائش کے نتائج جلد ہی امريکی 'فوڈ اينڈ ڈرگ ايڈمنسٹريشن‘ (FDA) ميں جمع کرا ديے جائيں گے۔

فائزر کے چيف آپريٹنگ آفيسر ايلبرٹ بورولا نے کہا، ''آزمائش کے نتائج سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اگر اس گولی کو ريگوليٹرز نے منظور کر ليا، تو يہ مريضوں کی جان، انفيکشن کی شدت ميں کمی اور ہر دس ميں سے نو افراد کو ہسپتال تک پہنچنے سے روکنے ميں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘ ايلبرٹ بورولا نے ايک امريکی نشرياتی ادارے کو بتايا کہ امکان ہے کہ ڈيٹا ايف ڈی اے کو پچيس نومبر سے قبل ہی جمع کرا ديا جائے۔

کلينيکل ٹرائلز ميں شمالی و جنوبی امريکا، يورپ اور ايشيا سے 1,219 مريضوں کے ڈيٹا کا جائزہ ليا گيا۔ مريضوں ميں کووڈ کی علامات ظاہر ہونے کے بعد چند کو 'پيکس لووڈ‘ دی گئی اور چند کو نہيں۔ دوا بارہ گھنٹے کے وقفے سے پانچ دنوں تک دی گئی۔ جنہيں کوئی دوا نہيں دی گئی تھی، ان ميں دس مريض جان کی بازی ہار گئے۔ جنہيں فائزر کی 'پيکس لووڈ‘ دی گئی، ان ميں سے ايک بھی شخص مرا نہيں۔

امريکی صدر جو بائيڈن نے اعلان کيا ہے کہ حکومت نے نئی دوا کی کئی ملين خوراکوں کا آڈر دے ديا ہے۔ ان کے بقول کورونا کی وبا سے نمٹنے ميں يہ گولی ايک اہم ہتھيار ثابت ہو گی۔

اس وقت فائزر اور ميرک کے علاوہ سوئس فارماسوٹيکل کمپنی روشے بھی ايک آزمائشی گولی پر کام کر رہی ہے۔

عورتيں کورونا وبا کی ہيرو

ع س / ع ت (اے ایف پی)