1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہ بچہ میرا نہیں ہے: بولیوین صدر

عابد حسین26 اپریل 2016

بولیوا کے صدر ایوو موریلس کے انکار پر عدالت نے ایک بچے کی ولدیت جانچنے کے ٹیسٹ کا حکم صادر کیا ہے۔ عدالتی حکم کی تعمیل میں موریلس نے ایک عام شہری کی طرح اپنا ٹیسٹ کروا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Icpx
Gabriela Zapata
ایوو موریلس کی سابقہ گرل فرینڈ گابریلا زاپاٹاتصویر: picture-alliance/dpa/M. Alipaz

بولیویا براعظم جنوبی امریکا کے مغربی وسطی علاقے میں واقع زمین بند یا زمین سے گھرا ملک ہے۔ اِس ملک پر گزشتہ دس برس سے زائد عرصے سے ایوو موریلس حکومت کر رہے ہیں۔ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر اپنے ملک کے علاوہ قریبی دوسری ریاستوں میں بھی مقبول ہیں۔ اب اُن کو اپنے ہی ملک میں ایک اسکینڈل کا سامنا ہے۔ چھپن برس کے صدر کو اُن کی سابقہ گرل فرینڈ نے حیران کن طور پر چیلنج کر دیا ہے۔

اُن کی سابقہ گرل فرینڈ گابریلا زاپاٹا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کے پاس جو لڑکا ہے، وہ اصل میں ایوو موریلس کی دوستی کے دوران پیدا ہوا تھا۔ اِس طرح خاتون کے مطابق اُس کے لڑکے کے والد ملکی صدر ہیں۔ اِس دعوے کے جواب میں ایوو موریلس سٹپٹا گئے اور انہوں نے پہلے کہا کہ اِن کی دوستی کے دوران ایک بچہ پیدا ہوا ضرور لیکن وہ تو مر گیا تھا۔ اِس بیان کے بعد انہوں نے ایک اور بیان دیا کہ گابریلا زاپاٹا کے ساتھ دوستی میں کوئی بچہ پیدا ہوا ہی نہیں تھا۔

Bolivien Morales nimmt Stellung zu seinem Kind
ایوو موریلستصویر: picture-alliance/dpa/Abi

صدر موریلس کے جوابی بیانات پر گابریلا زاپاٹا نے میڈیا پر کافی شور مچایا اور اِس سارے معاملے کو ملکی میڈیا نے خوب اچھالا۔ صدر نے اپنی گرل فرینڈ کے بیانات کو دیکھتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا کہ وہ ثابت کرے کہ بچے کا والد کون ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے بیانات سننے کے بعد بچے کی ولدیت جاننے کے لیے صدر کے کلینیکل ٹیسٹ کا حکم صادر کر دیا۔ صدر کے وکیل ہاسٹن ولاسکیز نے ملکی ٹیلی وژن چینل اے ٹی بی پر تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی حکم کی صدر نے ایک عام شہری کی طرح تعمیل کی اور اس معاملے کی قطعیت کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ مکمل کروا لیے ہیں۔ موریلس نے اِس کے ساتھ ساتھ زاپاٹا پر کرپشن کا مقدمہ بھی دائر کر دیا۔ عدالت نے صدر کی سابقہ گرل فرینڈ کو مقدمے کے فیصلے تک جیل بھیج دیا ہے۔

یہ عدالتی کارروائی ایک ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب بولیویا میں عوام ایک اور دستوری ریفرنڈم میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے والے ہیں۔ رواں برس اکیس فروری کو موریلس کے تجویز کردہ دستوری ترامیم کو عوام نے ایک دستوری ریفرنڈم میں مسترد کر دیا تھا۔ وہ تیسری مدت کے لیے صدر منتخب ہو چکے ہیں اور اب وہ چوتھی مرتبہ بھی صدر بننے کی تمنا رکھتے ہیں۔ اِسی تمنا کی تکمیل کے لیے وہ ایک اور ریفرنڈم کروانے والے ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق گابریلا زاپاٹا کے ساتھ تعلق رکھنے کی وجہ سے موریلس کی مقبولیت میں خاصی کمی واقع ہو چکی ہے۔ صدر کی سابقہ گرل فرینڈ کو حکومتی ٹھیکوں میں سے 560 ملین ڈالر غیرقانونی انداز میں کمانے کے الزام کا سامنا ہے۔