افغان کھلاڑی اولین ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے
15 جون 2018بھارتی شہر بنگلورو میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے افغانستان کو ایک اننگز اور 262 رنز سے مات دی۔ بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 474 رنز بنائے۔ جس میں اوپنر مرلی وجے اور شیکھر دھون کی شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں۔
اہم بات دھون کے ایک سو سات رنز تھے، جو انہوں نے لنچ سیشن میں ہی بنا لیے۔ مرلی ایک سو پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغان بولر راشد خان سے بہت سے توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ اس میچ میں اپنی محدود اوورز کی فارم کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 35 اوورز کرائے اور 154 رنز دے کر صرف دو وکٹیں ہی حاصل کیں۔
افغان ٹیم نے جب بلے بازی کا آغاز کیا تو وہ اس شعبے میں بھی بری طرح ناکام رہی۔ اپنا اولین ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ناتجربہ کار افغان ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو نو رنز پر ڈھیڑ ہو گئی۔
یوں بھارت نے افغانستان کو فالو آن کر دیا اور افغان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 103 رنز ہی بنا سکی۔ یوں بھارت نے یہ میچ ایک اننگز اور 262 رنز سے جیت لیا۔
بھارت کی طرف سے ایشون نے پہلی اننگز میں چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ دوسری اننگز میں انہیں ایک وکٹ ملی۔ دوسری اننگز میں نمایاں بھارتی بولر جدیجہ رہے، جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کا بہترین کھلاڑی شیکھر دھون کو قرار دیا گیا۔