ٹیسٹ میچ، راشد خان کا نیا ٹیسٹ
11 جون 2018افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا درجہ ملنے کے بعد وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ بھارت کے خلاف کھیل رہی ہے۔ یہ میچ بھارتی شہر بنگلورو میں چودہ جون سے شروع ہو گا۔ اس میچ میں اگرچہ بھارت فیورٹ ہے تاہم افغان ٹیم میں راشد خان کی موجودگی شائقین کرکٹ کے لیے بہت زیادہ دلچسپی کا باعث ہو گی۔
راشد خان کی عمر انیس برس ہے اور انہوں نے سترہ سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا حصہ بننے کے ساتھ ہی عالمی توجہ حاصل کر لی تھی۔ افغان صوبے ننگر ہار کے دورافتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والے راشد نے ٹینس بال سے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔
راشد کہتے ہیں کہ انہوں نے بولنگ خود ہی سیکھی اور تجربات کرتے ہوئے اس مقام تک پہنچے۔ تاہم وہ اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستانی لیگ سپنر شاہد آفریدی اور بھارتی اسٹار کھلاڑی انیل کومبلے ان کے فیورٹ تھے اور انہوں نے انہی کو دیکھتے ہوئے بولنگ سیکھی۔
ایک روزہ میچوں میں تیز ترین سو وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز راشد خان کے پاس ہے۔ بالخصوص ان کی ’گوگلی‘ انتہائی خطرناک ہے اور بلے باز اسے سمجھنے سے ابھی تک قاصر ہی نظر آتے ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تو راشد خان نے اپنا سکہ جما لیا ہے تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کیا کارکردگی دکھاتے ہیں، یہ ایک سوال ہے۔ ناقدین کے مطابق پانچ روزہ میچ میں صبروتحمل انتہائی ضروری ہوتا ہے اور یہ تجربے کے ساتھ ہی آتا ہے۔ اب ٹیسٹ میچ میں راشد خان کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں بہترین بولنگ کر سکتے ہیں۔
کرکٹ کی دنیا کے اسٹار سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کے مطابق راشد خان اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دنیا کے بہترین اسپن بولر ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا، ’’ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ راشد خان اس فارمیٹ کے بہترین بولر ہیں اور وہ تھوڑی بہت بلّے بازی بھی کر سکتے ہیں۔‘‘ عالمی شہرت یافتہ سابق لیگ سپنر شین وارن اور انیل کومبلے بھی راشد خان کی صلاحیتوں کی کھل کر داد دے چکے ہیں۔
ع ب / ص ح / خبر رساں ادارے